انٹرپول نے جاری کیا پہلا پرپل نوٹس(فوٹو رائٹرز)
Interpol's Purple Notice۔ انفورسمنٹ ڈائریکوریٹ نے انٹرپول سے پہلی بار پرپل نوٹس جاری کروایا ہے۔ پرپل نوٹس کا کیا مطلب ہے؟ یہ کیوں جاری کیا جاتا ہے؟
دنیا تغیرپذیر ہے۔ جدید ٹکنالوجی کا استعمال جرائم پیشہ بھی کرتے ہیں۔ قانون کو چکما دینے کے لیے جرائم پیشہ دستیاب تمام وسائل کا استعمال کررہے ہیں ۔ مالیاتی جرائم کے خلاف شنکجہ کسنے کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) نے عالمی سطح پر ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔ ای ڈی نے انٹرپول کے ذریعے پہلی بار پرپل نوٹس جاری کروایا ہے۔
انٹرپول نے یہ نوٹس 21 اگست 2025 کو جاری کیا جس میں کاروبار پر مبنی منی لانڈرنگ نیٹ ورک کو اجاگرکیا گیا ہے ۔ ای ڈی کی جانچ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ کچھ ملکی اور غیر ملکی شیل کمپنیاں غیر قانونی رقم کو قانونی بنانے کے لیے بین الاقوامی ٹریڈ کا استعمال کر رہی ہیں۔
ان فرضی طریقوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر غیر قانونی لین دین کو جائز تجارت کے طور پر چھپانے کی کوشش کی گئی۔ یہ طریقہ حوالا سے ملتا جلتا ہے لیکن اس میں بینکنگ چینلز اور شیل کمپنیوں کا سہارا لیاگیا تاکہ ریگولیٹر انہیں پکڑ نہ سکیں۔
پرپل نوٹس کیا ہے اور کیوں جاری کیا جاتا ہے؟
پرپل نوٹس 196 رکن ممالک کو اس بات سے مطلع کرتا ہے کہ مجرم کس طرح نئی تکنیکوں کے ذریعہ قانون کو چکما دے رہے ہیں۔ انفورسمنٹ ڈئریکٹوریٹ کے اس قدم سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت اب منی لانڈرنگ اور مالیاتی جرائم کے خلاف نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی سرگرم رول ادا کر رہا ہے۔ ای ڈی گلوبل نیٹ ورک اور ایسٹ ریکوری انٹر ایجنسی نیٹ ورک (ایشیاء پیسفک) جیسے پلیٹ فارم کا استعمال کر رہا ہے تاکہ دنیا بھر کی ایجنسیوں کو آگاہ کیا جا سکے اور جرائم پیشوں کو کہیں محفوظ پناہ گاہ نہ ملے۔
9 قسم کے نوٹس جاری کرتا ہے انٹرپول
ریڈ نوٹس: کسی مطلوبہ شخص کی گرفتاری اور اسے متعلقہ ملک کے حوالے کرنے کے لیے ریڈنوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
یلو نوٹس: گمشدہ افراد بالخصوص نابالغ کوتلاش کرنے میں مدد کے لیے یہ نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
بلو نوٹس: کسی مجرمانہ تفتیش کے سلسلے میں کسی جرائم پیشہ کے متعلق اضافی معلومات حاصل کرنے کے لیے یلونوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
بلیک نوٹس: نامعلوم لاشوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے بلیک نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
گرین نوٹس: کسی فرد کی مجرمانہ سرگرمیوں کے بارے میں ہوشیار کرنے کے لیے گرین نوٹس کیاجاتا ہے۔
اورنج نوٹس: کسی واقعے، فرد، چیز یا عمل کے بارے میں خبردار کرنے کے لیے جو عوامی تحفظ کے لیے ممکنہ خطرہ ہوسکتاہے اس ضمن میں یہ نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
پرپل نوٹس: مجرموں کے ذریعے استعمال کیے جانے والے طریقہ کار، اشیاء، آلات اور چھپانے کے ذرائع کے بارے میں معلومات حاصل کرنے یا فراہم کرنے کے لیے پرپل نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
سلور نوٹس (پائلٹ فیز): مجرمانہ اثاثوں کی شناخت اور سراغ لگانے کے لیے سلورنوٹس انٹرپول جاری کرتا ہے۔
انٹرپول۔یواین سلامتی کونسل کا خصوصی نوٹس: ان اداروں اور افراد کے لیے جاری کیاجاتا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کی کمیٹیوں کے نشانے پرہیں۔
بڑھتے فراڈ کے خلاف کریک ڈاؤن ضروری
تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ بڑھتے مالیاتی جرائم کو شنکجہ کسنے کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو فعال کردارادا کرنا ہوگا۔ انٹرپول کے ذریعہ جاری پرپل نوٹس کے توسط سے ای ڈی نے یہی کام کیا ہے۔ اس کے ذریعہ مستقبل میں مالیاتی جرائم کے گرد پھندا تنگ کیا جاسکے گا۔ مالی فراڈ کو پکڑنا مشکل ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک مالیاتی فراڈ سے نمٹنے کے لیے میکانزم ترتیب دے رہے ہیں۔




