روایت کے ساتھ جدیدیت کا رنگ ، یومِ آزادی پر لال قلعے میں ہوگا منفرد جشن

Published On: 15 August, 2026 02:37 AM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
روایت کے ساتھ جدیدیت کا رنگ ، یومِ آزادی پر لال قلعے میں ہوگا منفرد جشن

(فوٹوفائل رائٹرز)

بھارت آج (15 اگست 2026) اپنا 80واں یومِ آزادی منا رہا ہے۔ نئی دہلی کے تاریخی لال قلعے میں ہونے والی مرکزی تقریب میں وزیرِ اعظم نریندر مودی قومی پرچم لہرائیں گے ۔ اس سال یومِ آزادی کی تقریب میں کچھ چیزیں پہلی بار ہوں گی ۔

اس سال (2026)یوم آزادی  کی تقریب کئی اعتبارسے منفرد ہوگی۔ تقریب میں پہلی مرتبہ لال قلعے پر وندے ماترم کی پیشکش ہوگی  جبکہ روایتی 21 توپوں کی سلامی کے لیے مکمل طور پردیسی ساختہ 105 ایم ایم لائٹ فیلڈ گنز استعمال کی جائیں گی۔ پرچم کشائی کے بعد دو ایم آئی-17 ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پھولوں کی پتیوں کی بارش کی جائے گی جبکہ وزیراعظم کی تقریر کا اے آئی پر مبنی براہِ راست ترجمہ 22 ہندوستانی زبانوں میں کیا جائے گا۔

تقریب کی خاص باتیں

وندے ماترم کی پہلی باضابطہ پیشکش
آزادی کے 80 سالہ جشن میں پہلی مرتبہ لال قلعے کی تقریب کے دوران وندے ماترم  پیش کیا جائے گا۔ این سی سی کیڈٹس اور ’مائی بھارت‘ کے رضاکار وزیراعظم کے خطاب کے بعد قومی گیت پیش کریں گے۔ یہ پیشکش وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر خصوصی خراجِ عقیدت ہوگی۔

دیسی ساختہ توپوں سے 21سلامی
اس سال 21 توپوں کی روایتی سلامی کے لیے دیسی ساختہ 105 ایم ایم لائٹ فیلڈ گنز استعمال کی جائیں گی۔ تقریب میں سیریمونیل 1721 فیلڈ بیٹری سلامی پیش کرے گی، جو دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی عکاسی بھی کرے گی۔

پرچم کشائی میں کیپٹن سونیا سنگھ چوہان کی معاونت
وزیراعظم نریندر مودی کو ترنگا لہرانے میں کیپٹن سونیا سنگھ چوہان معاونت کریں گی، جو اس سال کی تقریب کے نمایاں پہلوؤں میں شامل ہے۔

 فضائیہ کی جانب سے پھولوں کی بارش
پرچم کشائی کے فوراً بعد دو ایم آئی-17 ہیلی کاپٹرز تقریب کے مقام پر پھولوں کی پتیاں برسائیں گے، جس سے جشن کے ماحول میں مزید رنگ بھر جائے گا۔

5 ہزار مہمانان خصوصی 
مرکزی تقریب میں تقریباً 5 ہزار خصوصی مہمانوں کے ساتھ 2,500 این سی سی کیڈٹس بھی شریک ہوں گے۔ خصوصی مہمانوں میں ملک کی مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کو شامل کیا گیا ہے۔

اے آئی کے ذریعے 22 زبانوں میں ترجمہ
وزیراعظم کی تقریر کو پہلی مرتبہ اے آئی پر مبنی ڈیجیٹل انڈیا بھاشِنی ٹیکنالوجی کے ذریعے 22 ہندوستانی زبانوں میں براہِ راست ترجمہ کیا جائے گا، تاکہ ملک کے مختلف لسانی طبقے وزیراعظم کا پیغام اپنی مادری زبان میں سن سکیں۔