بہاراسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان، دومرحلوں میں ووٹنگ، 14 نومبرکونتائج کااعلان

Published On: 06 October, 2025 11:55 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
بہاراسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان، دومرحلوں میں ووٹنگ، 14 نومبرکونتائج کااعلان

چیف الیکشن کمیشنرگیانیش کمار(فوٹواے این آئی ڈیجیٹل)

ًBihar Assembly Elections Schedule Announced: الیکشن کمیشن نے بہارمیں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ ووٹنگ دو مرحلوں میں 6 اور 11 نومبر کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔

 الیکشن کمیشن نے بہاراسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ ووٹ دومرحلوں میں ڈالے جائیں گے۔پہلا مرحلہ 6 جبکہ دوسرا مرحلہ 11 نومبر کو ہوگا۔ نتائج کا اعلان 14 نومبر کو ہوگا۔ تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی انؒحابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ ہوگیا ہے۔ 243 رکنی بہار اسمبلی کی مدت 22 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ اس بات کو پیش نظررکھتے ہوئے انتخابی عمل 16 نومبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

الیکشن کاشیڈول 
 چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے پیر کے روز دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں ووٹنگ کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں کل 121 اور دوسرے مرحلے میں 122 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔

انتخابات کے شیڈول کے مطابق، پہلے مرحلے کا نوٹیفکیشن 10 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا۔ 17 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی داخل کیے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 18 اکتوبر کو ہوگی اور 20 اکتوبر تک نام واپس لیے جاسکیں گے۔پہلے مرحلے کی ووٹنگ 6 نومبر کو ہوگی۔ 

انتخابات کے دوسرے مرحلے کا نوٹیفکیشن 13 اکتوبر کو جاری ہوگا۔ اس مرحلے کے لیے 20 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی داخل کیے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21 اکتوبر کو ہوگی۔پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 23 اکتوبر ہے۔دسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ 11 نومبر کو ہوگی۔

بہارمیں کتنے ووٹر ہیں؟
چیف الیکشن کمشنر کےمطابق،ریاست بہار میں کل 7.42کروڑ ووٹر ہیں جن میں 3.92 کروڑ مرد اور 3.5کروڑخواتین ووٹرہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ14لاکھ ووٹر پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔ گیانیش کمار نے مزید کہا کہ بہار میں 14000 ووٹر کی عمریں 100 سال سے زیادہ ہیں۔ ریاست میں اس بار کل 90712پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے بہار کے ووٹروں کو مشورہ دیا کہ وہ ووٹر لسٹ میں اپنے نام چیک کریں۔ اگر ان کے نام اب بھی غائب ہیں، تو وہ نامزدگی کے عمل سے دس دن پہلے تک انہیں شامل کر سکتے ہیں۔ 


بہار اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر، اوڈیشہ، جھارکھنڈ، میزورم، پنجاب، تلنگانہ اور راجستھان میں بھی 11 نومبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔ ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان بھی  14 نومبر کو ہوگا۔

خیال رہے کہ،الیکشن کمیشن نے اتوار کو بہار کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران، سیاسی جماعتوں نے کمیشن پر زور دیا تھاکہ وہ اکتوبر کے آخر میں چھٹھ کے تہوار کے فوراً بعد انتخابات کرائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹروں کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے، کیونکہ اس دوران تہواروں کے لیے بیرون ریاست کام کرنے والے لوگوں کی بڑی تعداد گھروں کو واپس آتی ہے۔  2020 بہار اسمبلی انتخابات کووڈوبائی امراض کی وجہ سے تین مرحلوں میں منعقد ہوئے تھے۔