دہلی کی ہوا ہوئی زہریلی(فوٹو رائٹرز)
دہلی کی ہوا خراب سے خراب تر ہوجاتی رہی ہے۔ یہاں سانس لینا بھی دوبھرہے۔ فضائی آلودگی صرف دہلی۔این سی آر ہی نہیں بالائی علاقوں میں بھی ہے۔ دہرادون اور نینی تال میں بھی ہوا سانس لینے کے قابل نہیں ہے۔
دیوالی پر دہلی این سی آر میں خوب آتش بازی ہوئی جس کی وجہ سے کئی مقامات پر فضائی آلودگی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ دہلی میں کئی مقامات پر ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی سطح انتہائی خراب اور شدید کے زمرے میں ہے۔ منگل کی صبح ، دہلی کے آنند وہار میں ہوا کا معیار سب سے زیادہ خراب درج کیا گیا۔ دہلی میں اسموگ کا راج ہے جس کے باعث لوگوں کو سانس لینے میں مشکل ہو رہی ہے۔ نوئیڈا میں اے کیو آئی کی سطح بھی 350 سے تجاوزکر گئی ۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ دیوالی کے بعد دہلی۔این سی آر میں ’ہوا کی صحت‘ کیسی ہے؟
دہلی کی ہوا میں زہر
دیوالی پر سپریم کورٹ نے دہلی۔این سی آر میں پٹاخوں کے استعمال کی اجازت دے دی تھی ۔ یہ خدشہ تھا کہ دیوالی کے بعد صبح آلودگی کی سطح بڑھ جائے گی، اور بالکل ایسا ہی ہو رہا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے سمیر ایپ کے مطابق، چار مانیٹرنگ اسٹیشنوں نے پہلے ہی ’شدید‘ زمرے میں ہوا کے معیار کی اطلاع دی ، جس میں AQI کی سطح 400 سے زیادہ ہے۔ دوارکا میں 417، اشوک وہار میں 404، وزیر پور میں 423 اور آنند وہار میں 453 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
پہاڑی علاقوں کی بھی ’ہوا‘خراب
صرف دہلی۔این سی آر ہی نہیں پہاڑی علاقوں کی ہوا بھی زہریلی ہوتی جارہی ہے۔ نینی تال میں اے کیوآئی کی سطح 164 تک پہنچ گئی ہے جب کہ دہرادون میں یہ 218 تک پہنچ گئی ہے۔ آئندہ دنوں میں AQI کی سطح میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
دہلی میں ہرطرف دھواں دھواں
دیوالی کے بعد پوری دہلی دھوئیں کی لپیٹ میں ہے۔ دہلی کے تقریباً 30 مانیٹرنگ اسٹیشنوں نے اے کیو آئی کو ’انتہائی خراب‘ کے زمرے میں رکھا ہے۔یعنی اس کی سطح 300 سے اوپر ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، دوپہر کے وقت، 38 میں سے 31 مانیٹرنگ اسٹیشنوں نے ہوا کے معیار کو ’انتہائی خراب‘ زمرے میں درج کیا، جب کہ تین اسٹیشنوں نے اسے ’شدید‘ زمرے کے تحت درج کیا۔ آیا نگر، براڑی، چاندنی چوک، دوارکا، آئی ٹی او چوک، جہانگیر پوری، لودھی روڈ اور مندر مارگ سمیت دہلی کے تقریباً تمام علاقوں میں اے کیو آئی کی سطح 300 کے پار ہے۔




