لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر،اے کیو آئی 363 ریکارڈ

Published On: 25 October, 2025 12:17 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر،اے کیو آئی 363 ریکارڈ

لاہورمیں دنیا کا آلودہ ترین شہر(فوٹو ایکس)

لاہور دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر ہے۔ سنیچر کی صبح لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 363 ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے کئی شہروں میں فضائی آلودگی بہت بڑھ گئی ہے۔ عالمی درجہ بندی کے مطابق،اس وقت لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے۔ ہفتے کی صبح لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس  363 ریکارڈ کیا گیا۔ آلودگی کی یہ سطح انسانی صحت کے لیے مضر ہے۔

پنجاب کے شہر فیصل آباد کی ’ہوا‘ لاہورسے بھی زیادہ خراب ہے۔ فیصل آباد میں ایئرکوالٹی انڈیکس 539 درج کیا گیاجو ’خطرناک ترین‘ زمرے میں آتا ہے۔

پنجاب کے دیگر شہروں گوجرانوالہ،ملتان اور سیالکوٹ میں بھی فضائی آلودگی ہے تاہم اس کی سطح لاہور سے کم ہے۔ گوجرانوالہ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 239،ملتان میں 227 اور سیالکوٹ میں 191 ریکارڈ کیاگیا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور اور فیصل آباد کی فضا زیادہ تر ٹریفک کے دباؤ اور صنعتی آلودگی سے متاثر ہے، کراچی میں بندرگاہی سرگرمیاں اور شہری ہجوم آلودگی کا سبب ہے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آبادمیں تعمیراتی سرگرمیوں اور گاڑیوں کا دھواں فضائی آلودگی کی بڑی وجہ ہیں۔ ملتان میں زرعی فضلہ جلانے کے سبب ہوا زہریلی ہوگئی ہے۔

ماہرین کے مطابق،اکتوبر سے فروری کے دوران دھند، کم ہوا اور سرد موسم کے باعث آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔ لہذا جب تک حکومت مؤثر پالیسیاں وضع کرنے کے ساتھ ساتھ اسے نافذ نہیں کرتی ہر سال یہی صورتحال رہے گی۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ شہری آلودگی کے دنوں میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور اگر باہر جانا ضروری ہو تو ماسک کا استعمال کریں ۔مزیدگھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں، ہوا صاف کرنے والے آلات استعمال کریں۔