پاکستان کا پہلا مقابلہ حسن قرأت اسلام آباد میں 24نومبرسے شروع ہوگا۔مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے قرأ کے بیچ مختلف زمروں میں مقابلے4دن تک جاری رہیں گے۔ مقابلے میں اول ، دوئم اور سوئم آنے والے قرأ کو انعامات سے 29نومبرکو نوازا جائے گا ۔
پاکستان کا پہلا مقابلہ حسن قرأت اسلام آباد میں 24 نومبرسے شروع ہوگا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق،وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام اس مقابلے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ گروپ ون اور گروپ ٹو کے مقابلے 24 سے 27 نومبر تک نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز،اسلام آباد کے آڈیٹوریم میں ہوں گے۔ تقسیم انعامات تقریب کا انعقاد 29 نومبر کو جناح کنونشن سینٹر میں ہوگا۔
مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے قرأ کے بیچ مختلف زمروں میں مقابلے4دن تک جاری رہیں گے۔اس مقابلے میں اسلامی تعاون تنظیم کے 40 ممالک کے قرأ شرکت کریں گے۔
مقابلے کے انعقاد کا مقصد فن تجوید و قرأت کے فروغ کے ساتھ ساتھ مسلم ممالک کے درمیان بین ثقافتی اور بین مذاہب ہم آہنگی کو مضبوط کرنا ہے۔وزارت مذہبی امور کا یہ عزم ہے کہ پاکستان کوقرآن پاک کی ترویج و اشاعت کا عالمی مرکز بنایا جائے۔
شرکا کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ صومالیہ، گھانا، چاڈ سمیت دیگر ممالک کے قرا پاکستان پہنچ گئے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق،چار قرا، ججز کے فرائض انجام دیں گے۔ان میں مصر کے الشیخ ڈاکٹر حمد اللہ حفیظ محمد ابراہیم، بحرین کے حمزہ معز احمد علی، اردن کے احمد بکر حسن اور فلسطین کے نبیل محمد علی شریباتی بھی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔




