تیجسوی یادو (فوٹو فائل اے این آئی)
بہار اسمبلی انتخابات میں سیاسی پارٹیاں اُمیدواروں کے ناموں کا اعلان کررہی ہیں۔ تاحال کس پارٹی سے کتنے مسملمانوں کو اُمیدواربنایا گیاہے؟ آئیے ایک نظرڈالتے ہیں ۔
بہارمیں اسمبلی انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ عظیم اتحاد ، این ڈی اے اور دیگر پارٹیاں اُمیدواروں کی فہرست جاری کررہی ہیں۔ ٹکٹوں کی تقسیم میں پارٹیاں جیت کے امکانات، ذات،پات،مذہب اورآبادی کے تناسب سمیت دیگر عوامل کو پیش نظر رکھتی ہیں۔ دعوؤں اور وعدوں سے قطع نظر ٹکٹوں کی تقسیم میں اس کے علاوہ بھی کئی عوامل کار فرما رہتے ہیں۔ اب اس تناظر میں جائزہ لیتے ہیں کس پارٹی نے کتنے مسلمانوں کو ٹکٹ دیا ہے۔
راشٹریہ جنتادل (RJD) نے اب تک اپنے 143 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ان میں ۔ آر جے ڈی نے نو مسلمان شامل ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب آر جے ڈی نے اتنی کم تعداد میں مسلمانوں کو ٹکٹ دیا ہے۔عظیم اتحاد کا حصہ کانگریس نے 60 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے اُن میں 10 مسلمان ہیں۔ اس طرح ،کانگریس نے مسلمانوں کو ٹکٹ دینے کے معاملے میں آر جے ڈی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اس بیچ،حکمراں این ڈی اے نے صرف 5 اسمبلی نشتوں پر مسلم امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ نتیش کمار کی جے ڈی یو نے سب سے زیادہ ٹکٹ دیئے ہیں۔ جے ڈی یو کی فہرست میں 4 مسلم امیدوار ہیں اُن میں دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔ مرکزی وزیر چراغ پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) نے صرف ایک مسلمان کو ٹکٹ دیا ہے۔ اس کے علاوہ، این ڈی اے اتحاد میں شامل بی جے پی، ایچ اے ایم، اور آر ایل پی نے ایک بھی مسلم اُمیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا ہے۔ بی جے پی 101 سیٹوں پر انتخابات لڑ رہی ہے، جبکہ ایچ اے ایم اور آر ایل پی6 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔
2020 کے اسمبلی انتخابات اور مسلمان
اگر ہم موجودہ بہار اسمبلی(معیاد نومبرمیں ہورہی ہے ختم) کی بات کریں تو 243 رکنی اسمبلی میں 19 مسلم ارکان اسمبلی ہیں ۔ 2020 اسمبلی انتخابات پر غور کریں تو جے ڈی یو نے 10 سیٹوں پر مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے لیکن اس کا کوئی بھی امیدوار جیت نہیں سکا تھا۔ اسی طرح، آر جے ڈی نے 17 سیٹوں پر مسلم امیدوار کھڑے کیے لیکن صرف 8ہی جیت کراسمبلی پہنچ پائے۔ کانگریس نے 10 مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے لیکن صرف چار نے کامیابی حاصل کی۔ اسد الدین اویسی کی اے آئی ایم آئی ایم نے 20 مسلم امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا لیکن صرف پانچ نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ اسی طرح ایک مسلم امیدوارنے بہوجن سماج پارٹی کے ٹکٹ پر جیت حاصل کی تھی ۔




