آندھراپردیش: کرنول میں بائک سے ٹکرانے کے بعد بس میں لگی آگ،19افراد ہلاک،متعدد زخمی

Published On: 24 October, 2025 08:10 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
آندھراپردیش: کرنول میں بائک سے ٹکرانے کے بعد بس میں لگی آگ،19افراد ہلاک،متعدد زخمی

کرنول میں بس میں لگی آگ (فوٹو اے این آئی)

آندھراپردیش کے ضلع کرنول میں موٹرسائیکل سے تصادم کے بعد بس میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 19 مسافروں کی موت ہوگئی جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔ آندھرا پردیش حکومت نے حادثے کی جانچ کے لیے ایک پینل تشکیل دی ہے۔

آندھراپردیش کے ضلع کرنول میں موٹرسائیکل سے تصادم کے بعد بس میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں  کم سے کم 19 مسافروں کی موت ہوگئی جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔  10 زخمی مسافروں کو علاج کے لیے کرنول کے سرکاری جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
 
ذرائع کے مطابق، تیز بارش کے دوران ایک دو پہیہ گاڑی سے ٹکرانے کے بعد ایئر کنڈیشنڈ سلیپر کوچ بس میں آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے بس شعلہ پوش ہوگئی ۔ کچھ مسافرکھڑکیوں کے شیشے توڑ کرباہر نکلنے میں کامیاب ہوئے جبکہ کئی دوسرے اندر پھنس گئے۔جب یہ حادثہ علی الصبح پیش آیا اس وقت وی کاویری ٹریولس بس پر 43 مسافر اور دو ڈرائیور سوارتھے ۔ بس حیدرآباد سے بنگلورو جارہی تھی۔

ڈی آئی جی ڈاکٹر کویا پروین، ایس پی وکرانت پاٹل، جوائنٹ کلکٹر نورالقمر، کمشنر پی وشواناتھ اور دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں اور زخمیوں کے علاج کی نگرانی کی ۔ وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے حادثے یں ہوئی ہلاکتوں ہر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے ۔انھوں نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ متاثرین کی بہترین طبی دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔ 

وزیر داخلہ انیتا نے کرنول جائے حادثہ کا دورہ کیا اس دوران ان کے ہمراہ ڈی جی پی ہریش کمار گپتا اور انٹیلی جنس چیف مہیش چندر لڈا (آئی پی ایس) بھی تھے۔  وزیر داخلہ انیتھا نے کہا کہ  چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دیا ہے اور عہدیداروں کو جلد از جلد تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

مہلوکین کی شناحت کے لیے ڈی این اے نمونوں کے معائنے کے لیے دس خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔جبکہ فورنسک کی چار ٹیمیں آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ کررہی ہیں ۔