الیکشن کمیشن نے بہاراسمبلی انتخابات 2025 کے پہلے مرحلے کے لیے 121 جنرل مبصرین اور 18 پولیس مبصرین اور دوسرے مرحلے کے لیے 20 پولیس مبصرین کے ساتھ 122 جنرل مبصرین کو مقررکیا ہے۔
بہاراسمبلی انتخابات کے دن قریب آرہے ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے بہارانتحابات اور آٹھ اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات کی نگرانی کے لیے مبصرین کو مقرر کیا ہے۔ اتوار کو، الیکشن کمیشن نے کہاکہ آزادانہ و منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے اور تمام سیاسی پارٹیوں اورامیدواروں کے لیے برابری کا میدان فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن، آئین کے آرٹیکل 324 اورعوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے سیکشن 20B کے ذریعے عطا کردہ اختیارات کے تحت، آزادانہ ومنصفانہ انتخابات کے انعقاد میں مدد کے لیے مرکزی مبصرین کا تقرر کرتا ہے۔
کمیشن نے بہار اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پہلے ہی 121 جنرل مبصرین اور 18 پولیس مبصرین اور دوسرے مرحلے کے لیے 20 پولیس مبصرین کے ساتھ 122 جنرل مبصرین کو مقررکیا ہے۔ 8 اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات کی نگرانی کے لیے 8جنرل اور 8پولیس آبزرور بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مختلف حلقوں میں تعیناتی کے بعد تمام مبصرین نے اپنے مقرر کردہ حلقوں میں پولنگ کے حوالے سے پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے اور اب وہ اپنے اپنے حلقوں میں واپس چلے گئے ہیں۔ کمیشن کی طرف سے جاری ایک پریس نوٹ کے مطابق، الیکشن کمیشن نے مبصرین کو ہدایت دی ہے کہ وہ پورے انتخابی عمل کی کڑی نگرانی کریں اور شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائیں۔
مبصرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاسی پارٹیوں، امیدواروں اور ووٹر کے لیے مکمل طور پر دستیاب ہوں اور ان کی شکایات کا ازالہ کریں ۔ مبصرین کو پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرنے اور ووٹروں کی سہولت کے لیے کمیشن کی طرف سے شروع کیے گئے حالیہ اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پہلے ہی اعلان کیا ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات اور 8 اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات 6 اور 11 نومبر کو ہوں گے۔




