کرفلی محلے میں ہولناک آتشزدگی (فوٹو کشمیرآبزرور)
سرینگرکے حبہ کدل میں بیتی شب آتش زدگی کے واقعے میں کم سے کم 10مکانات جل کرخاکستر ہوگئے جس کے نتیجے میں کئی خاندان بےگھر ہوگئے ہیں ۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سرینگرمیں کے حبہ کدل میں بیتی شب آتش زدگی کے واقعے میں کم سے کم 10مکانات جل کرخاکستر ہوگئے جس کے نتیجے میں کئی خاندان بےگھر ہوگئے ہیں ۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع تاحال نہیں ہے۔ واقعہ حبہ کدل کے کرفلی محلے میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی شب پیش آیا ۔
ذرائع کے مطابق ، ایک مکان سے آگ نمودار ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس کے شعلوں نے آس پاس کے مکانات کو اپنی زد میں لے لیا ۔
محکمہ فائراینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ، بیتی رات آتش زدگی کی اطلاع ملتے ہی شہر کے مختلف فائراسٹیشنوں سے 17 فائر ٹنڈرس کو موقع پرروانہ کیا گیا۔ عہدیدار کے مطابق ، فائربریگیڈ عملے نے مشقت کے بعد آگ پرقابو پانے میں کامیابی حاصل کی لیکن اس واقعے میں کم سے کم 10 مکانات خاکستر ہوگئے۔
آگ کیسے لگی اس کی جانچ کی جارہی ہے ۔ قابل غور بات یہ ہے کہ ،وادی میں حالیہ دنوں کے دوران آتش زدگی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حبہ کدل میں ہی گزشتہ دنوں آگ لگنے کے ایک واقعے میں کم از کم 7 مکان خاکستر ہوئے تھے۔
یوٹی جموں کشمیر میں سردی کی آمد آمد ہے ۔ موسم سرما اورحالیہ دنوں میں آتش زدگی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر،جموں کشمیر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے عوام کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور باخبر اور ہوشیاررہنے کی اپیل کی گئی ہے۔
ایڈوائزری مطابق ، سردیوں میں ہیٹنگ آلات اور گیس اسٹوو کے زیادہ استعمال کے سبب اکثر آتش زدگی کے واقعات پیش آتے ہیں ۔ اس لیے عوام کو چاہئے کہ وہ جاری کی گئی ہدایات پرعمل کریں۔
محکمہ نے ہدایت دی ہے کہ تمام برقی ہیٹنگ آلات اور ایل پی جی گیس اسٹوو کو سونے سے قبل یا گھر سے باہر نکلنے سے پہلے بند کر دیں ۔ اسی طرح، کانگڑی کا استعمال محتاط طریقے سے کیا جائے۔ رات کے وقت کانگڑی کو محفوظ جگہ پر رکھا جائے تاکہ کسی حادثے کا خدشہ نہ رہے۔




