پاکستان اور افغانستان کے بیچ استنبول مذاکرات، دوحہ مذاکرات میں طئے پائے نکات پرآگے ہوگی بات چیت

Published On: 25 October, 2025 12:32 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
پاکستان اور افغانستان کے بیچ استنبول مذاکرات، دوحہ مذاکرات میں طئے پائے نکات پرآگے ہوگی بات چیت

دوحہ کے بعد استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے بیچ مذاکرات کے دوسرے دورآج آغاز ہوگا۔ یہ مذاکرات تین دن تک جاری رہ سکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق، اس میں جنگ بندی، سکیورٹی میں تعاون، تجارت کے علاوہ سرحد پر شدت پسندوں کی دراندازی روکنے پر بات ہو گی۔


پاکستان اور افغانستان کے بیچ استنبول مذاکرات آج (ہفتہ) سے شروع ہورہے ہیں ۔ کشیدگی کے پس منظر میں دونوں ملکوں کے بیچ مذاکرات کا یہ دوسرا دور ہے۔ اس سے قبل ، قطر کی راجدھانی دوحہ میں دونوں ملکوں کے بیچ بات چیت ہوئی تھی جو کامیاب رہی تھی۔ دوحہ میں دونوں ممالک نے بات چیت کے سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔ استنبول مذاکرات،دوحہ کا تسلسل ہیں ۔

مذاکرات کےمتعلق پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دوحہ مذاکرات میں طے پانے والے نکات پر پیش رفت کے لیے پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقد ہو رہا ہے۔

افغانستان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ، مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں افغان وفد نائب وزیر داخلہ حاجی نجیب کی صدارت میں شرکت کر رہا ہے۔ ان کا مزیدکہنا ہے کہ اس ملاقات میں باقی رہ جانے والے مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق، یہ مذاکرات تین دنوں تک جاری رہ سکتے ہیں ۔ اس دوران  جنگ بندی، سکیورٹی میں تعاون، تجارت کے علاوہ سرحد پر شدت پسندوں کی دراندازی روکنے پر بات ہو گی۔

جمعے کو ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا مرحلہ دوحہ مذاکرات کا تسلسل ہے، جس میں وہاں زیرِ بحث آنے والے تمام پہلوؤں پر مزید غور کیا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ، 19 اکتوبر کودوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے بیچ  طئے پائے معاہدے کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں اور اسے خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کی طرف پہلا قدم سمجھتے ہیں۔مزید استنبول مذاکرات سے پاکستان کو امید ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مانیٹرنگ کا تیز اور مصدقہ میکینزم تشکیل دیا جائے گا۔


سرحد پر بندش،تجارت معطل

دوحہ امن معاہدے کے باوجود، دونوں ممالک کےبیچ سرحدی آمدورفت اور تجارت تاحال معطل ہیں ۔ تجارتی بندش کے سبب سرحد کے آرپارٹرکوں کی لمبی قطاریں ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ایف بی آر نے کہا کہ سرحد پر بندش کی وجہ سے برآمدی اشیا سے لدے 255 ٹرک طورخم پر اور 200 ٹرک لنڈی کوتل روڈ پر کھڑے ہیں جبکہ چمن باڈر پر درماندہ ٹرکوں کی تعداد کم ہے۔ایف بی آر کا کہنا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ یعنی افغانستان کی برآمدی اشیا لے جانے والے ٹرک جو پاکستان سے گزر کر کراچی پورٹ تک آتے ہیں اُن کی تعداد 495 ہے۔