مکہ مکرمہ حرمین شریفین میں دینی امور کے ادارے کے زیر اہتمام اقرا نمائش میں قرآن کریم کا ایک نایاب نسخہ زائرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔قرآن کریم کا یہ نسخہ قدیم ترین اسلامی مخطوطات میں شمار ہوتا ہے۔
مکہ مکرمہ میں منعقدہ اقرا نمائش میں ایک ہزار سال قدیم اور نایاب قرآن مجید کا نسخہ زائرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ، یہ نادر مخطوطہ معروف خطاط علی بن ہلال المعروف ابن البواب(Ali bin Hilal, better known as Ibn al-Bawwab) کے ہاتھ سے تحریر کیا گیا تھا اور اسے اسلامی خطاطی کے شاہ کاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ نمائش میں دیگر قدیم و نادر مخطوطات بھی رکھے گئے ہیں، تاہم یہ نایاب نسخہ سب سے نمایاں ہے۔
ایک ہزار برس قدیم قرآن کریم کے نسخے پر انتہائی خوبصورتی سے حاشیے لگائے گئے ہیں جنہیں دیکھ کر عربی خطاطی اور اسلامی فنون کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔
یہ نسخہ اپنی عیرمعمولی علمی، فنی اور تاریخی اہمیت کی وجہ سے نایاب ہے۔ دنیا بھر میں صرف ایسے دو نسخے موجود ہیں جو پوری اسلامی تاریخ میں قرآن کریم کی اعلٰی شان کی عکاسی کرتے ہیں۔
قرآن کریم کا یہ نسخہ قدیم ترین اسلامی مخطوطات میں شمار ہوتا ہے۔ اقرا نمائش کا اہتمام حرمین شریفین کے امورِ دینیہ کی صدارت نے کنگ عبدالعزیز وقف کے تعاون سے کیا ہے، جہاں اسلامی ورثے اور نادر مخطوطات کی نمائش کی جا رہی ہے۔




