(فوٹواے پی)
برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے (Pelé) کی 1958 فیفا ورلڈ کپ فائنل میں پہنی گئی تاریخی نمبر 10 جرسی 49 لاکھ ڈالر میں نیلام ہو گئی۔ نیلامی کے ادارے سوتھبیز کے مطابق یہ فٹبال کی تاریخ کی دوسری مہنگی ترین جرسی ہے
عظیم فٹبالرپیلے (Pelé)کی فیفاعالمی کپ کے فائنل میں پہنی ہوئی نمبر 10 جرسی 49 لاکھ امریکی ڈالر میں فروخت ہوئی ہے۔
سوتھبیز (Sotheby)کے مطابق یہ جرسی اب فٹبال کی تاریخ کی دوسری مہنگی ترین فروخت ہونے والی جرسی بن چکی ہے۔
اس فہرست میں پہلے نمبر پر ارجنٹینا کے لیجنڈ ڈیاگو میراڈونا (Diego Maradona )کی 1986 ورلڈ کپ کی مشہور ہینڈ آف گاڈ جرسی ہے، جو 2022 میں 93 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔
نیلامی ادارے کے مطابق اس سے قبل پیلے کی یادگار اشیا میں سب سے مہنگی فروخت ہونے والی چیز 1958 کی ایک ٹریڈنگ کارڈ(Trading Card ) تھی، جو گزشتہ ماہ 9 لاکھ 76 ہزار ڈالر میں نیلام ہوئی۔
پہلے کا اصل نام ایڈسن آرانٹس دو ناسیمینٹو(Edson Arantes do Nascimento) تھا ۔ فائنل مقابلے کے بعد انھوں نے یہ ہاتھ سے تیارکی گئی جرسی اپنے روم میٹ اور ساتھی کھلاڑی دیدا(Dida) کو تحفے میں دی تھی۔
یہ تاریخی جرسی کئی دہائیوں تک دیدا (Dida) کے اہلِ خانہ کے پاس محفوظ رہی،اس کے بعد اسے برازیل کے ایک میوزیم میں رکھا گیا اور پھر 2004 میں ایک نجی خریدار نے حاصل کر لیا تھا۔
یہ جرسی اس ورلڈکپ فائنل کی یادگار ہے جس میں صرف 17 برس کی عمر میں پیلے نے میزبان سویڈن کے خلاف دو گول کر کے برازیل کو پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بنایا تھا۔اسی کامیابی کے ساتھ پیلے نے اپنے ریکارڈ تین ورلڈ کپ ٹائٹلز کے سفر کا آغاز کیا اور آج بھی وہ ورلڈ کپ فائنل میں گول کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہیں۔
نیلامی کے منتظمین کے مطابق جرسی کے لیے پانچ سے زائد خریداروں نے بولیاں لگائیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یہی جرسی 2004 میں صرف ایک لاکھ 5 ہزار 600 ڈالر میں فروخت ہوئی تھی جس کی قیمت اب کئی گنا بڑھ چکی ہے۔




