مسجد نبویؐ میں زائرین کے لیے نئی سہولت، موبائل دینی رہنمائی مرکز قائم

Published On: 24 July, 2026 06:54 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
مسجد نبویؐ میں زائرین کے لیے نئی سہولت، موبائل دینی رہنمائی مرکز قائم

(فوٹوانسٹاگرام)

مسجد نبویؐ میں عبادت گزاروں اور زائرین کی سہولت کے لیے ایک نیا موبائل دینی خدمات مرکز قائم کیاگیا ہے، جہاں موقع پر شرعی رہنمائی، دینی سوالات کے جوابات اور مختلف زبانوں میں آگاہی مواد فراہم کیا جائے گا۔

مسجد نبویؐ میں زائرین اور عبادت گزاروں کو بہتر دینی خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک جدید موبائل دینی رہنمائی مرکزقائم کر دیا گیا ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے امورِ دینیہ کے صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے اس مرکز کا افتتاح کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ السدیس نے کہا کہ یہ اقدام دینی خدمات کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے اور انہیں براہِ راست زائرین تک پہنچانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس مرکز کے ذریعے عبادت گزاروں کی ضروریات کا فوری جواب دیا جا سکے گا، ان کے روحانی اور علمی تجربے کو بہتر بنایا جائے گا اور مسجد نبویؐ کے اعتدال، رہنمائی اور دینی تعلیمات کے پیغام کو مزید مؤثر انداز میں عام کیا جائے گا۔

موبائل دینی رہنمائی مرکز کے ذریعے زائرین کے شرعی اور دینی سوالات کے فوری جوابات دیے جائیں گے، مختلف مذہبی امور میں رہنمائی فراہم کی جائے گی، جبکہ متعدد زبانوں میں آگاہی اور تعلیمی مواد بھی تقسیم کیا جائے گا۔

انتظامیہ کے مطابق مختلف زبانوں میں تیار کیا گیا یہ مواد دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں زائرین کے ساتھ مؤثر رابطے اور ان کی دینی رہنمائی کو مزید آسان بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔