شام میں دو مسافر بسوں کے بیچ تصادم ، 35 افراد ہلاک، 30 زخمی

Published On: 25 July, 2026 07:26 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
شام میں دو مسافر بسوں کے بیچ تصادم ، 35 افراد ہلاک، 30 زخمی

(فوٹو اے آئی)

شام میں ایک المناک سڑک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ دیر الزور اور دمشق کو ملانے والی اہم شاہراہ پر پیش آیا۔

 شام میں آج (ہفتے کے روز) دو بسوں کے درمیان ہونے والے خوف ناک تصادم میں کم از کم 35 افراد ہلاک جبکہ 30 دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

حادثہ دیر الزور(Deir Az Zor) اور دمشق(Damascus) کو ملانے والی اہم شاہراہ پر السخنہ(Al-Sukhnah) اور تاریخی شہر تدمر (Palmyra) کے درمیان پیش آیا۔ یہ شاہراہ مشرقی شام کو دارالحکومت دمشق سے ملانے والی 400 کلومیٹر سے زائد طویل مرکزی سڑک ہے۔

شامی وزارت داخلہ کے مطابق ایک بس میں داخلی سکیورٹی فورس کے اہلکار سوار تھے جبکہ دوسری بس عام شہریوں کو لے جا رہی تھی۔وزارت نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور متعدد ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی صنعاء کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے کئی ہیلی کاپٹر بھی روانہ کیے گئے، جن کے ذریعے زخمیوں کو حمص کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ شاہراہ طویل عرصے سے ناقص حفاظتی انتظامات اور خراب انفراسٹرکچر کے باعث خطرناک سمجھی جاتی ہے۔ تقریباً 14 سال تک جاری رہنے والی خانہ جنگی نے شام کے شہری ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے باعث سڑکوں کی حالت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

گزشتہ اکتوبر میں شام کے وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ و ایمرجنسی رسپانس رائد الصالح نے بتایا تھا کہ رواں سال جنوری سے ستمبر کے اختتام تک ملک بھر میں دو ہزار سے زائد ٹریفک حادثات ریکارڈ کیے گئے، جبکہ سڑک حادثات شام میں اموات کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔