محبت سے شادی تک، رونالڈو اور جارجینا کا نیا سفر

Published On: 12 August, 2026 04:18 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
محبت سے شادی تک، رونالڈو اور جارجینا کا نیا سفر

(فوٹواے پی)

کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کی تقریباً 10 سالہ محبت بالآخر شادی کے بندھن میں تبدیل ہوگئی۔ رونالڈو اور جارجینا نے 11 اگست کو پرتگال کے ساحلی شہر کاسکائس میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی، جس میں ان کے بچے بھی شریک ہوئے۔

 دنیائے فٹ بال کے سپراسٹارکرسٹیانو رونالڈو نے اپنی دیرینہ ساتھی ، ماڈل اور انفلوئنسر جارجینا رودریگز کے ساتھ طویل رفاقت کو شادی کے خوبصورت بندھن میں بدل دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اور 32 سالہ جارجینا روڈریگز نے 11 اگست کو لسبن کے قریب ساحلی علاقے کاش کائس میں ایک نجی تقریب کے دوران ایک دوسرے کو زندگی بھر کا ساتھی منتخب کیا۔ شادی کی تقریب میں ان کے بچے بھی شریک ہوئے۔

شادی کی تصویر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر سے مداحوں اور فٹبال شخصیات کی جانب سے جوڑے کو مبارک باد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔


 2016 میں شروع ہوئی محبت کی کہانی
رونالڈو اور رودریگز 10 سال سے ایک ساتھ رہ رہے ہیں۔کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز کے تعلقات کا آغاز 2016 میں ہوا۔ اس وقت جارجینا اٹلی کے معروف فیشن برانڈ گوچی کے ایک اسٹور میں بطور سیلز اسسٹنٹ کام کرتی تھیں۔ اُس وقت رونالڈو ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے لیے کھیلتے تھے۔
 
دونوں کو پہلی مرتبہ 2017 میں زیورخ میں ہونے والی فیفا فٹبال ایوارڈز تقریب میں ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد ان کا تعلق عالمی میڈیا اور مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

وقت کے ساتھ دونوں نے اپنے تعلق کو مضبوط کیا اور خاندانی زندگی کا آغاز کیا۔ رونالڈو اور جارجینا کے خاندان میں پانچ بچے شامل ہیں، جن میں جڑواں بچے ایوا ماریا اور میٹیو، بیٹی الانا، بیٹی بیلا اور رونالڈو کا بڑا بیٹا کرسٹیانو جونیئر شامل ہیں۔

 مشکل وقت میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ
رونالڈو اور جارجینا نے 2022 میں اپنی زندگی کا ایک انتہائی مشکل مرحلہ بھی ساتھ گزارا، جب ان کی بیٹی بیلا کے جڑواں بھائی اینجل پیدائش کے دوران انتقال کرگئے تھے۔

دونوں نے اس افسوس ناک واقعے کی اطلاع مداحوں کے ساتھ شیئر کی اور اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔ فٹبال کے میدان میں بے شمار کامیابیاں سمیٹنے والے کرسٹیانو رونالڈو کی ذاتی زندگی میں بھی اب ایک نیا باب شروع ہوگیا ہے۔ طویل رفاقت کے بعد رونالڈو اور جارجینا کی شادی نے ان کی محبت کی کہانی کو ایک نئے مرحلے میں داخل کردیا ہے، جس پر دنیا بھر میں موجود ان کے مداح خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔