یومِ آزادی کی تیاریاں مکمل،پی ایم مودی 13ویں بار لال قلعے سے قوم سے کریں گے خطاب

Published On: 15 August, 2026 12:32 AM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
یومِ آزادی کی تیاریاں مکمل،پی ایم مودی 13ویں بار لال قلعے سے قوم سے کریں گے خطاب

(فوٹورائٹرز)

یومِ آزادی کی مرکزی تقریب تاریخی لال قلعے میں منعقد ہوگی، جہاں وزیراعظم نریندر مودی مسلسل 13ویں مرتبہ قومی پرچم لہرائیں گے اور قوم سے خطاب کریں گے۔

ملک بھر میں یوم آزادی کی تقریبات کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ مرکزی تقریب تاریخی لال قلعے میں منعقد ہوگی، جہاں وزیراعظم نریندر مودی قومی پرچم لہرائیں گے اور 80 ویں یومِ آزادی کی تقریبات کی قیادت کریں گے۔

لال قلعے پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ اور دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ کریں گے۔ اس کے بعد وزیراعظم گارڈ آف آنر کا معائنہ کریں گے۔ وزیراعظم کے گارڈ آف آنر کے دستے میں بری فوج، بحریہ، فضائیہ اور دہلی پولیس کا ایک ایک افسر اور 24 اہلکار شامل ہوں گے۔

گارڈ آف آنر کے معائنے کے بعد وزیراعظم لال قلعے کی فصیل پر پہنچیں گے، جہاں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن اور بری فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ ان کا خیرمقدم کریں گے۔ وزیراعظم کی جانب سے قومی پرچم لہرانے کے موقع پر یہ دستہ راشٹریہ سلامی پیش کرے گا۔ تینوں مسلح افواج اور دہلی پولیس پر مشتمل مشترکہ دستے کی قیادت میجر لوکیندر سنگھ شیخاوت کریں گے۔

قومی پرچم لہرانے کے بعد اسے راشٹریہ سلامی پیش کی جائے گی۔ اس موقع پر بری فوج کا بینڈ، جس میں ایک جونیئر کمیشنڈ افسر اور 25 دیگر رینک کے اہلکار شامل ہوں گے، وندے ماترم کی دھن پیش کرے گا۔ 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔وزیراعظم کے قومی پرچم لہراتے ہی فضائیہ کے دو ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر تقریب کے مقام پر پھولوں کی پتیوں کی بارش کرینگے۔

وزیراعظم نریندر مودی اس سال 13ویں مرتبہ لال قلعے کی فصیل سے قوم سے خطاب کریں گے۔ اس تقریب میں ملک کی سیاسی قیادت، اعلیٰ سرکاری حکام، مسلح افواج کے افسران اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔