(تصویربشکریہ غیرملکی میڈیا)
اسرائیل نے غزہ کے 35 فلسطینی اسیران کو رہا کر دیا، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ ریڈ کراس کی معاونت سے تمام افراد خان یونس کے ناصر اسپتال منتقل کیے گئے۔
اسرائیلی حکام نے غزہ پٹی سے تعلق رکھنے والے 35 اسیران کو رہا کر دیا ہے۔ اُن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق رہا ہونے والے قیدی ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے عملے کی معاونت سے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں واقع ناصر اسپتال پہنچے۔
ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے ایک مختصر بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس نے اسرائیلی حکام کی طرف سے رہا کیے جانے والے افراد کی کریم ابو سالم گزرگاہ سے خان یونس میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس تک منتقلی میں سہولت فراہم کی۔
اسرائیلی حکام وقفے وقفے سے غزہ کی پٹی کے محدود اسیران کو رہا کرتے رہتے ہیں، جبکہ رہائی پانے والوں میں سے اکثر کے چہروں پر تھکن اور نڈھالی کے آثار نمایاں ہوتے ہیں، جو قابض صہیونی عقوبت خانوں اور حراستی کیمپوں میں قیدیوں کو درپیش سخت اور سفاک حالات کا نتیجہ ہوتے ہیں۔
جولائی 2026 کے آغاز تک فلسطینی اسیران کے اداروں کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، قابض صہیونی قیدخانوں میں فلسطینی اسیران اور نظر بندوں کی کل تعداد تقریباً 9400 اسیر ہے، جن میں غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے 1320 نظر بند بھی شامل ہیں جنہیں قابض حکام غیر قانونی جنگجو کے نام سے موسوم کرتے ہیں۔
اسیران کے اداروں نے واضح کیا ہے کہ ان اعداد و شمار میں وہ ہزاروں نظر بند شامل نہیں ہیں جو اسرائیلی فوج کے خفیہ فوجی کیمپوں اور حراست مراکز میں قید ہیں، جن میں سديہ تيمان کیمپ اور دیگر مراکز بھی شامل ہیں، جبکہ ان کی حالت زار اور حراستی مقامات کے بارے میں اب بھی کافی سرکاری معلومات کا فقدان ہے۔





