ٹیم انڈیا کی جیت کا سلسلہ ٹوٹا ، جنوبی افریقہ نے 76رن سے دی شکست

Published On: 22 February, 2026 11:58 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
ٹیم انڈیا کی جیت کا سلسلہ ٹوٹا ، جنوبی افریقہ نے  76رن سے دی شکست

(فوٹورائٹرز)

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سُپر ایٹ مرحلہ: جنوبی افریقہ نے ٹیم انڈیا کو سُپر ایٹ کے اہم مقابلے میں 76 رن سے ہرایا۔188 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹیم انڈیا 111رن پر ڈھیر ہوگئی ۔


آئی سی سی  ٹی ٹوئنٹی  ورلڈ کپ 2026 کے سُپر ایٹ مرحلے کا آغاز جنوبی افریقہ نے دھماکے دار انداز میں کیا۔ دفاعی چیمپین اور کپ کی مضبوط دعویدار انڈیا کو جنوبی افریقہ نےگروپ ون کے میچ میں 76 رن کے بڑے فرق سے زیر کیا۔ جنوبی افریقہ نے کھیل کے تمام شعبوں میں ٹیم انڈیا کو چارو خانے چت کردیا ۔

خراب شروعات کے بعد دم دارواپسی
ٹاس جیت کربلے بازی کا فیصلہ جنوبی افریقہ کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ ابتدائی تین وکٹیں صرف 20 کے مجموعی اسکور پر گر گئیں ٹیم کی لڑکھڑاتی باری کی ڈیوڈ ملر نے ڈیوالڈ بریوس کے ساتھ مل کرنہ صرف مرمت کی بلکہ بڑے اسکور کے لیے مضبوط پلیٹ فارم بھی تیار کیا۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 97 رن کی شراکت داری کی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ ملرنے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں 63 رن بنا بنائے ۔ ڈیوالڈ بریوس نے 45 جبکہ ٹرسٹن اسٹبزنے 44 رن بنائے ۔
ان تینوں بلے بازوں کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 187 رن بنائے۔
 جسپریت بمرا نے 15 رن دے کر3 وکٹ حاصل کیں جب کہ ارشدیپ سنگھ نے دو ، ورون چکرورتی اور شیوم ڈوبے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رن بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 188 رن کا ہدف دیا۔

بھارت کی ناقص بلے بازی 

 188 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ٹیم انڈیا کی بلے بازی تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی ۔ ایشان کشن(0) اور تلک ورما(1) جلد پیویلین لوٹے۔ ابھیشک شرما نے ورلڈ کپ میں اپنا کھاتہ کھولا مگر وہ لمبی باری نہ کھیل سکے اور15 رن بنا کر جینسن کا شکار ہوئے۔ واشنگٹن سندر اور کپتان سوریہ کمار یادو کے کندھوں پر باری کو سنبھالنے کی ذمہ داری آئی لیکن آٹھویں اوور میں واشنگٹن سندر(11) بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
شیوم دوبے کریز پر آئے مگر کپتان سوریہ کمار یادو ان کے ساتھ زیادہ دیر وکٹ پر رہ نہ سکے۔ کپتان سوریہ کمار یادو(18) بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہاردک پانڈیہ بھی (18) بنا کر مہاراج کا شکار ہوئے ۔ دوسرے سرے سے وکٹ لگاتار گرتی رہی اور شیوم دوبے کو کسی کا ساتھ نہ ملا۔ شیوم دوبے 
42 بنا کر آؤٹ ہوئے۔  ٹیم انڈیا18.5 اوور میں 111 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔ اس طرح ٹیم انڈیا کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی ہار کا سامنا کرنا ٖپڑا۔