ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:سُپرایٹ مرحلے میں پاکستان کوانگلینڈ نے دی شکست، سیمی فائنل میں داخل

Published On: 25 February, 2026 01:07 AM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:سُپرایٹ مرحلے میں پاکستان کوانگلینڈ نے دی شکست، سیمی فائنل میں داخل

انگلینڈ نے پاکستان کو دی شکست (فوٹو آئی سی سی)

انگلینڈ نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ سیمی فائنل میں داخل ہونے والی وہ پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ سری لنکا کے پالی کیلے میں سُپر ایٹ مقابلے میں اس نے پاکستان کو دو وکٹ سے ہرایا۔ پہلے میچ انگلینڈ نے میزبان سری لنکا کو زیر کیا تھا۔


ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے سُپر ایٹ مرحلے میں گروپ 2 کے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو مات دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔ کپتان ہیری بروک کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ نے پاکستان کو 2 وکٹ سے زیر کیا۔ 

 پاکستان ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کافیصلہ کیا اور اس نے164 بنائے ۔ پاکستان کی شروعات اچھی نہیں رہی ۔ پہلی وکٹ 14 رن پر صائم ایوب کے روپ میں گری ۔ صائم نے 7 رن بنائے۔ انھیں آرچر نے آؤٹ  کیا۔ اسی طرح کپتان سلمان علی آغا کا بلہ بھی نہیں چل سکا۔  27 کے مجموعی اسکور پر انھیں لیام ڈاسن نے 5 کے انفرادی اسکورپر آؤٹ کیا۔
 
صاحبزادہ فرحان کے ساتھ بابر اعظم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 73 رن تک پہنچایا جہاں بابر اعظم کو اوورٹن نے بولڈ کرکے پیویلین بھیجا۔ بابرنے  25 رن بنائے۔ 

اس کے بعد آنے والے بلے باز فخر زمان نے فرحان کے ساتھ رن بنانے کی رفتاربڑھائی۔ اس دوران فرحان نے اپنی نصف سنچری پوری کی۔ تاہم 122 کے مجموعی اسکور پر فرحان اوورٹن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد  فخر زمان بھی 24 رن بنا کرآؤٹ ہوگئے۔ پھر 146 کے مجوعی اسکور پر ٹیم کو پےدرپے دو جھٹکے لگے۔149 پرایک اور بلے باز پیویلین لوٹا۔

اختتامی لمحات میں شاداب خان نے 23 رن کی آتشی باری کھیلی اور ٹیم کو 164 رن تک پہنچایا ۔  

انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے دو دو جبکہ عادل رشید نے ایک وکٹ لی۔ 

انگلینڈ کا جواب
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے ابتدائی تین بلے باز کوئی خاص مظاہرہ نہیں کرسکے ۔  35 کے مجموعی اسکور تک انگلینڈ کے تین کھلاڑی فل سالٹ، جوز بٹلر اور جیکب بیتھیل پیویلین لوٹ چکےتھے۔ تینوں شاہین آفریدی کا شکار ہوئے۔

تاہم وکٹ کی دوسری جانب  انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک ڈٹے رہے ۔ بروک نے 51 گیندوں پر 100 رن کی شاندار باری کھیلی اور تنہا میچ کو پاکستان سے دور لے گئے۔ انگلینڈ نے آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 165 رن کا ہدف حاصل کیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں لیں، عثمان طارق اور محمد نواز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔