سوئٹزرلینڈ میں ایران۔امریکہ کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل

Published On: 21 June, 2026 11:57 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
سوئٹزرلینڈ میں ایران۔امریکہ کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل

(فوٹورائٹرز)

سوئٹزرلینڈ میں ایران۔امریکہ مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا ہے۔سوئٹزرلینڈ میں قطر اور پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکہ کے درمیان بات چیت ہورہی ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں ایران۔امریکہ مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا ہے۔ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے اتوار کے روز ایرانی وفد سے واقف ایک ذریعے کے حوالے سے یہ رپورٹ کیا  ۔ سوئٹزرلینڈ میں قطر اور پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکہ کے درمیان بات چیت ہورہی ہے۔

تقریباً 80 منٹ تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد اجلاس کو معطل کر دیا گیا تاکہ شریک وفود اندرونی مشاورت کر سکیں۔تاحال فوری طور پر اس بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں کہ مذاکرات کا اگلا اجلاس کب شروع ہوگا۔ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے رپورٹ کیا ہےکہ چار فریقی اجلاس کے اختتام کے بعد ایرانی اور قطری وفود کے درمیان دو طرفہ مذاکرات شروع ہو گئے۔

آئی آر آئی بی کے مطابق مذاکرات کے پہلے دور میں جوہری پروگرام کا معاملہ زیر بحث نہیں آیا بلکہ توجہ مفاہمتی یادداشت (Memorandum of Understanding) کی شق 13 پر عمل درآمد پر مرکوز رہی، جس میں لبنان کے معاملے کو ترجیح دی گئی۔

 معاہدے میں شامل اہم نکات
معاہدے میں لبنان سمیت تمام محاذ پر جنگ کے خاتمے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور ایران پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی کے خاتمے جیسی شقیں شامل ہیں۔شق 13 کے مطابق، مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے اور شق نمبر 1، 4، 5، 10 اور 11 پر عمل درآمد شروع ہونے اور جاری رہنے کے بعد، ایران اور امریکہ دستاویز کی باقی ماندہ شقوں کی بنیاد پر حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات شروع کریں گے، جن میں لبنان کے معاملے کو اولین ترجیح حاصل ہوگی۔

عبوری معاہدے کی شرائط پربات چیت
اس سے قبل اتوار کے روز قطر نے اعلان کیا تھا کہ سوئٹزرلینڈ میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے، جن میں قطری اور پاکستانی ثالث بھی شریک ہیں۔ ان مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے عبوری معاہدے کی شرائط پر عمل درآمد پر بات چیت کرنا ہے۔

امریکی اور ایرانی وفود بدھ کے روز دستخط کیے گئے مفاہمتی معاہدے کے تحت تکنیکی مذاکرات کے لیے صبح سویرے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے تھے۔ اس معاہدے کا مقصد کئی ماہ سے جاری مشرقِ وسطیٰ کے تنازعے کا خاتمہ اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا ہے۔

مذاکراتی وفود کی قیادت
برگن اسٹاک (Burgenstock) میں ہونے والے ان مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت امریکی نائب صدرجے ڈی وینس (JD Vance) کر رہے ہیں، جبکہ ایرانی وفد کی نمائندگی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقرقالیباف
(Mohammad Bagher Qalibaf) اور وزیر خارجہ عباس عراقچی( Abbas Araghchi) کر رہے ہیں۔