غسل کعبہ کی روح پرور سالانہ تقریب کا انعقاد

Published On: 30 June, 2026 05:26 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
غسل کعبہ کی روح پرور سالانہ تقریب کا انعقاد

(فوٹواے پی)

مسجد الحرام میں سالانہ غسلِ کعبہ کی روح پرور اور بابرکت تقریب انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کی گئی۔

غسلِ کعبہ کا عمل 3 مراحل میں مکمل کیا گیا، جن میں مخصوص مقدار میں آب زمزم، خوشبودار تیل اور معطر اجزاء استعمال کیے گئے۔

تقریب میں خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل نے نیابت کرتے ہوئے شرکت کی۔ وہ نمازِ فجر کے بعد خانہ کعبہ کے اندر داخل ہوئے اور غسلِ کعبہ کی رسمی کارروائی میں حصہ لیا۔اس تقریب میں مختلف اسلامی ممالک کے سفارت کاروں، اسلامی تعاون تنظیم کے نمائندوں، ممتاز علما، مشائخ اور دیگر اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

اس دوران زائرین کی محدود تعداد کو طواف کی اجازت دی گئی تاکہ تقریب منظم انداز میں مکمل کی جا سکے۔

غسلِ کعبہ کے دوران مسجد الحرام میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔حکام نے بتایا کہ کسوہ شریف کی حفاظت کے پیش نظرغسل کے عمل کے دوران خانہ کعبہ کے دروازے پر نصب پردہ عارضی طور پر اوپر اٹھا دیا گیا، تاکہ اندر رسائی اور تقریب کی کارروائی آسانی سے انجام دی جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ بابرکت روایت عہدِ نبوی ﷺ سے جاری ہے اور ہر سال 15 محرم الحرام کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی جاتی ہے۔

غسل کعبہ کی یہ مقدس تقریب اسلامی تاریخ، عقیدت اور روحانیت کا ایک منفرد مظہر سمجھی جاتی ہے۔ یہ امتِ مسلمہ کے لیے محبت، احترام اور بیت اللہ سے والہانہ وابستگی کی علامت ہے۔دنیا بھر کے مسلمان اس روحانی اور بابرکت تقریب کو نہایت عقیدت سے دیکھتے ہیں۔