(ایکس اسکرینگریب)
علم حاصل کرنے کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی،اس کہاوت کو مصر کی خاتون 83 سالہ اَمل اسماعیل عبدو نے سچ ثابت کر دکھایا ہے۔
مصرکی 83 سالہ خاتون نے سوشیالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرکے سب کو حیران کر دیاہے۔اَمل اسماعیل عبدو( Amal Ismail Metwally Abdo) نے منصورہ یونیورسٹی(Mansoura University) کی فیکلٹی آف آرٹس سے سوشیالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر کے استقامت، حوصلے اور عزم کی شاندار مثال قائم کر دی۔
5 جولائی کو اَمل عبدو کو شعبۂ سوشیالوجی، فیکلٹی آف آرٹس منصورہ یونیورسٹی کی جانب سے ان کے تحقیقی مقالے پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اَمل عبدو کا تعلیمی سفر زندگی کے آخری حصے میں شروع ہوا۔ انہوں نے 38 سال کی عمر میں مڈل کا امتحان پاس کیا، تاہم کینسر کی تشخیص کے باعث تعلیم کا سلسلہ منقطع ہو گیا۔ بیماری سے صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے دوبارہ تعلیمی سلسلہ شروع کیا اور 68 سال کی عمر میں ہائی اسکول مکمل کیا۔ اس کے3 سال بعد انہوں نے منصورہ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف آرٹس میں شعبۂ سوشیالوجی میں داخلہ لیا۔
سال 2023 میں انہوں نے اسی ادارے سے امتیازی نمبروں کے ساتھ ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، جس کے بعد پی ایچ ڈی کا سفر جاری رکھا۔6 جولائی کو صوبہ دقہلیہ کے گورنر میجر جنرل طارق مرزوق نے گورنریٹ ہیڈکوارٹرز میں اَمل عبدو سے ملاقات کر کے ان کی اس شاندار کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ جاری بیان کے مطابق یہ اعزاز ان کی غیر معمولی جدوجہد اور زندگی کے چیلنجز پر قابو پانے کے اعتراف میں دیا گیا۔
گورنر نے اَمل عبدو کو گورنریٹ کی شیلڈ پیش کی اور کہا کہ ان کی کامیابی علم، عزم اور ثابت قدمی کی اقدار کی عکاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اَمل عبدو کی مثال نوجوان نسل کے لیے امید کا پیغام ہے اور یہ ثابت کرتی ہے کہ عمر کبھی بھی خوابوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی۔
اس موقع پر 83 سالہ اَمل نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کی جانب سے ملنے والا یہ اعزاز ان کے لیے حوصلے کا بڑا ذریعہ ہے اور ان تمام افراد کے لیے پیغام ہے جو عمر یا حالات کی پروا کیے بغیر اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔




