جاپان میں ایک خاتون کو اپنے ساتھ رہنے والی خاتون کے ہونٹ سی دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کسی طرح گھرنکل کر قریبی دکان پہنچی، جہاں اس نے ایک کاغذ پر لکھ کر مدد طلب کی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
جاپان کے مشرقی صوبے ایباراکی(Ibaraki) کی پولیس نے 49 سالہ مسائے ساکورائی(Masae Sakurai) کو حملے کے شبے میں گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق 29 جون کو پیش آنے والے واقعے میں ملزمہ نے مبینہ طور پر جھگڑے کے دوران اپنی 42 سالہ روم میٹ کے ہونٹ سوئی اور دھاگے سے سی دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ، متاثرہ خاتون کسی طرح گھر سے نکلنے میں کامیاب ہوئی اور قریبی دکان جا پہنچی، جہاں اس نے ایک کاغذ پر لکھ کرلوگوں سے مددمانگی ، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
جاپانی سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کےکے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ملزمہ ایک تنازع پر مشتعل ہو گئی تھی، جس کے بعد اس نے اس کے ہونٹ سی دیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جن میں یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا اس گھر میں کوئی تیسرا شخص بھی رہائش پذیر تھا یا نہیں۔




