برطانیہ میں ’محمد‘ نام مقبول ترین ناموں میں سرفہرست

Published On: 10 July, 2026 03:30 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
برطانیہ میں  ’محمد‘ نام مقبول ترین ناموں میں سرفہرست

(فوٹورائٹرز)

انگلینڈ اور ویلز میں 2025 کے دوران نومولود بچوں کے ناموں کے تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ محمد کے ساتھ دیگر اسلامی اور عربی نام بھی تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ ابراہیم، یوسف، موسیٰ، مریم، فاطمہ، لیلیٰ، زارا اور انایا جیسے نام ٹاپ 100 فہرست میں شامل ہیں۔

 ’محمد‘ انگلینڈ اور ویلز میں پیدا ہونے والے لڑکوں کے لیے سب سے زیادہ مقبول نام ہے۔  مسلسل تیسرے سال یہ نام سرفہرست ہے ۔ اعدادوشمار کے مطابق ،2025 میں تقریباً 6000 بچوں کو یہ نام دیا گیا جو کہ دوسرے سب سے زیادہ مشہور نام نوح سے تقریباً 2000 زیادہ ہے۔ پہلے یہ فرق 1580 تھا۔

انگلینڈ اور ویلز میں 2025 کے دوران بچوں کے ناموں کی فہرست سے معلوم ہوتا ہے کہ محمد کے علاوہ کئی دیگر اسلامی نام بھی نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ابراہیم 48 ویں، یوسف 58ویں اور موسیٰ 63ویں نمبر پر رہے۔ اسی طرح آدم اور اسحاق بھی ٹاپ 100 ناموں میں شامل ہیں۔ یہ دونوں نام اگرچہ اسلام، عیسائیت اور یہودیت تینوں مذاہب میں مشترک ہیں۔

لڑکیوں کے ناموں میں بھی عربی اور اسلامی پس منظر رکھنے والے نام نمایاں رہے۔ لیلیٰ 50ویں، مریم 53ویں، زارا 73ویں، فاطمہ 79ویں اور عنایہ86ویں نمبر پر رہیں۔

محمد نام 2016 سے ٹاپ 10 میں ہے ۔ 1997 میں یہ نام پہلی بار ٹاپ 100 میں داخل ہوا تھا تب سے یہ 100 میں اپنی جگہ نہ صرف بنائے ہوئے ہے بلکہ اس نے ٹاپ 10 میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے ۔  برطانیہ کی مسلمانوں کی آبادی تقریباً 40 لاکھ ہےجو مجموعی آبادی کا تقریباً 6 فیصد ہے۔

ماہرین کے مطابق برطانیہ میں مسلم آبادی میں مسلسل اضافہ، مسلم اکثریتی ممالک سے نقل مکانی اور مسلم خاندانوں میں نسبتاً زیادہ شرحِ پیدائش ان ناموں کی مقبولیت میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔

اسلام میں شادی، خاندان اور اولاد کی پرورش کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے جبکہ بچوں کے لیے انبیا یا اسلامی تاریخ کی ممتاز شخصیات کے نام رکھنے کو نیک اور قابلِ احترام روایت مانا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے بہت سے مسلمان والدین اپنے بچوں کے لیے ایسے نام منتخب کرتے ہیں جو دینی، اخلاقی اور تاریخی اہمیت رکھتے ہوں۔

اسلامی ناموں کے علاوہ لیو اور لوکا ، آرتھر، اولیور اور جارج کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔اولیویا سب سے زیادہ مقبول لڑکیوں کا نام رہا، اس کے بعد للی، امیلیا، اسلا اور فلورنس کا نمبر آتا ہے۔