(فوٹواے پی)
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں ایک بیئر ہال میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد ہلاک جبکہ 63 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے 22 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث بھڑکی۔
بینکاک کے شمالی علاقے میں واقع نا لاڈپراؤ بیئر ہال(Na Ladprao Beer Hall ) میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد ہلاک جبکہ 63 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جن میں 22 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ متاثرین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
بینکاک کے گورنر کے مطابق آگ رات تقریباً بارہ بجے سے کچھ پہلے لگی اور فائر فائٹرز نے تقریباً آدھے گھنٹے کی کوشش کے بعد اس پر قابو پا لیا، تاہم اس دوران عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
وزیراعظم نےصورتحال کا لیا جائزہ
وزیراعظم انوتن چارنویراکول(Prime Minister Anutin Charnvirakul ) نے جائے وقوع کے دورے کے بعد بتایا کہ بار میں پرفارم کرنے والے ایک موسیقار کے مطابق اسٹیج کے قریب موجود سرکٹ بریکر سے پہلے دھواں اٹھا، پھر بجلی منقطع ہوئی، زور دار دھماکہ ہوا اور چند ہی لمحوں میں پورا ہال دھویں سے بھر گیا۔انہوں نے بتایا کہ متعدد افراد کی لاشیں بار کے پچھلے حصے میں واقع بیت الخلا کے قریب سے ملی ہیں، جہاں وہ ممکنہ طور پر جان بچانے کے لیے پناہ لینے کی کوشش کر رہے تھے۔
سکیورٹی ایجنسیاں جائے وقوع پرموجود
پولیس نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیاہے جبکہ فرانزک ماہرین نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے۔ حکام اس بات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا عمارت کی چھت میں استعمال ہونے والا مواد آتش گیر تھا یا ہنگامی اخراج کے راستوں میں کوئی رکاوٹ موجود تھی۔
آتشزدگی نے مچائی تباہی
واقعے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں عمارت کی کھڑکیاں ٹوٹی ہوئی، اندر جلی ہوئی میزیں، کرسیاں، ٹیلی وژن، اسپیکرز اور موسیقی کے آلات بکھرے دکھائی دیے، جبکہ بعض میزوں پر خالی بیئر کی بوتلیں بھی موجود تھیں۔
حادثے کے بعد بدھ راہب جائے وقوع پر پہنچے اور ہلاک ہونے والوں کے لیے دعائیں کیں، جبکہ طبی عملے نے اردگرد موجود افراد میں دھویں سے بچاؤ کے لیے ماسک تقسیم کیے۔
گلوکارہ سوکانیا وونگ وونگوائی (Singer Sukanya Wongwongwai)نے بتایا کہ ان کے بینڈ کے کئی ساتھی اس بیئر ہال میں پرفارم کر رہے تھے۔ ان کے مطابق ایک موسیقار ہلاک، تین زخمی جبکہ ایک تاحال لاپتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ لگتے ہی بجلی منقطع ہو گئی اور ہر طرف گھنا دھواں پھیل گیا، جس کے باعث لوگوں کو باہر نکلنے کا راستہ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔
آتشزدگی کے مہلک واقعات
واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں اس سے قبل بھی آتشزدگی کے مہلک واقعات پیش آ چکے ہیں۔ 2022 میں ایک میوزک بار میں لگنے والی آگ سے افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ 2009 میں بینکاک کے سانٹیکا نائٹ کلب میں نئے سال کی تقریب کے دوران آتشزدگی سے 66 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کی وجہ اندر آتش بازی کو قرار دیا گیا تھا۔




