حمایت علی شاعر:ہمہ جہت ادبی شخصیت

Published On: 14 July, 2026 07:24 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
حمایت علی شاعر:ہمہ جہت ادبی شخصیت

شاعر، گیت نگار، اداکار اور ریڈیو ڈرامہ آرٹسٹ حمایت علی شاعر کا آج یوم پیدائش ہے۔حمایت علی شاعر 14 جولائی 1926اورنگ آباد (مہاراشٹر) کے ایک فوجی خاندان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے سب سے پہلے افسانہ نگاری کی اور بعد میں شعر کے میدان میں قدم رکھا۔

حمایت علی شاعر ایک نامورمصنف،محقق، نغمہ نگار،اداکار اور صدا کار تھے اور ریڈیو ڈراموں میں بھی اپنی ایک منفرد پہچان رکھتے تھے۔ ان کے کئی گیت زبان زدِ عام ہوئے۔ فیض احمد فیض نےحمایت علی شاعرکی شاعری کو ’تحمل اورتجسس کے احساس کی شاعری‘ کہا تھا۔

ان کی ادبی خدمات کا سلسلہ پانچ دہائیوں پر محیط ہے۔ ریڈیو پر صداکاری ہو یا پھر ٹی وی پروگراموں کی تنظیم ، مشاعرے ہوں یا پھر تحقیقی کام ، حمایت علی شاعر نے بہت سی اصناف میں کام کرکے اپنا سکہ جمایا ۔

حمایت علی شاعر 14 جولائی 1926اورنگ آباد (مہاراشٹر) کے ایک فوجی خاندان میں پیدا ہوئے۔ ان کا پیدائشی نام حمایت تراب ہے۔ انہوں نے سب سے پہلے افسانہ نگاری کی اور بعد میں شعر کے میدان میں قدم رکھا۔ حمایت علی شاعر کاپہلا مجموعہ کلام  گھن گھرج ( 1950 ) ہے جو ہندوستان سے شائع ہوا۔ ملک کی تقسیم کے بعد 1951 میں پاکستان چلے گئے اور وہاں ریڈیو پاکستان کراچی سے وابستہ ہو گئے۔ پاکستان میں ان کا پہلا شعری مجموعہ ’آگ میں پھول‘ ہے جو 1956 میں شائع ہو ا۔ جلد ہی انہوں نے فلمی گیت لکھنے کا بھی آغاز کر دیا۔  1963 میں سندھ یونیورسٹی سے اردو میں ایم اے کیا اور پھر یہیں شعبہ اردو سے منسلک ہوئے۔

ریڈیو سے وابستہ ہونے سے قبل حمایت علی شاعر 1948 سے 1950 تک حیدر آباد دکن کے تین روزناموں جناح ، منزل اور ہمدرد سے منسلک رہے ۔ صحافت سے تعلق کی بنا پر انھوں نے مختلف ادبی پرچوں  ساز نو ( حیدرآباد دکن) 1949، شعور (حیدرآباد سندھ) 1956 سے 1957، صریر خامہ (سندھ یونیورسٹی) اقبال نمبر 1977 اور نعت نمبر 1978کی  ادارت بھی کی ۔

 حمایت علی شاعر 1947 سے 1950 کے عرصے تک آل انڈیا ریڈیو حیدرآباد ( حیدرآباد دکن ) سے وابستہ رہے۔ پھر ریڈیو پاکستان حیدرآباد اور کراچی سے 1951 سے 1962 تک منسلک رہے۔ یہیں ان کی اداکار محمد علی وغیرہ سے دوستی ہوئی تھی جنہوں نے حمایت علی شاعر کو فلموں کی طرف راغب کیا۔

حمایت علی شاعر نے فلمی نغمے لکھے اور فلم سازی میں ہاتھ آزمائے۔ ان کے فلمی گیتوں کا معیار بلند تھا اوروہ ادبی چاشنی سے مزین ہوتے تھے۔ انھوں نے  فلم لوری‘ کی ہدایت کاری کے فرائض بھی سرانجام دیئے۔  انہوں نے مزاحیہ گیت بھی لکھے اور لوریاں بھی تخلیق کیں جو بے حد مقبول ہوئیں۔

یوں تو حمایت علی شاعر کے مقبول فلمی نغمات کی فہرست طویل ہے لیکن یہاں چند کی ذکر ضروری ہے جن کی شہرت اور اہمیت آج بھی برقرار ہے۔


 1.جب سے دیکھا ہے تمہیں دل کا عجب عالم ہے 

2. نوازش کرم شکریہ مہربانی 

3.نہ چھڑا سکو گے دامن 

4.ہر قدم پر نت نئے سانچے 

5.جب رات ڈھلی تم یاد آئے

 حمایت علی شاعر ایک رومانوی شاعر ہیں لیکن انہوں نے اپنی شاعری کے کینوس کو محدود نہیں رکھا۔ ان کی غزلیات میں ہمیں معروضی حالات کی عکاسی بھی ملتی ہے۔ آگ میں پھول حمایت علی شاعر کا پہلا شعری مجوعہ ہے جو 1956میں پاکستان سے شائع ہوا تھا۔ ان کے دیگر شعری مجموعوں میں مٹی کا قرض، تشنگی کاسفر، اور ہارون کی آواز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے شعری مجموعے حرف حرف روشنی نے بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔ وہ مشاعروں کے بھی بڑے کامیاب شاعر تھے اور ان کے تنقیدی مضامین کے بھی تین مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔
 
حمایت علی شاعر اردو ادب  کے واحد شاعر ہیں جن کی خودنوشت 3500 اشعار پر مشتمل ہے۔ 2007 میں ان کے کلیات ’کلیات شاعر‘ کے عنوان سے شائع ہوئے۔ ان کی شاعری کے مختلف زبانوں میں ترجمے بھی ہوئے۔حمایت علی شاعر 15جولائی 2019 کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اس دنیا سے رخصت ہوئے مگر وہ کام کی بدولت ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ۔
 
 

 حمایت علی شاعرکےچند اشعارملاحظہ فرمائیں

اک جبرِ وقت ہے کہ سہے جارہے ہیں  ہم
اوراس کو زندگی بھی کہے جارہے ہیں ہم

اس کے غم کو غم ہستی تو مرے دل  نہ  بنا
زیست مشکل ہے اسے اور بھی مشکل نہ بنا

ہمارے سامنے  زیبا نہیں  غرور  تمہیں
جہاں پہ بیٹھے ہو تم وہ جگہ ہماری ہے

کہا گیا ہے کہ میں اپنے دل کی فکر کروں
کہ اب  یہ  اور غم زندگی سہے  نا  سہے
تھکن سے چورہے دل اورچل رہا ہوں میں
نہ جانے اب یہ  مرا ہمسفر رہے  نہ  رہے