ہاتھ کی صفائی کا عالمی دن، احتیاط علاج سے بہتر

Published On: 05 May, 2026 07:09 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
ہاتھ کی صفائی کا عالمی دن، احتیاط علاج سے بہتر

(فوٹورائٹرز)

لوگ صحت کے بنیادی اصولوں یا احتیاطی تدابیر سے واقفیت نہیں رکھتے اس لیے بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں۔ صاف صفائی سے تھوڑی سے آگاہی سے چھوٹی وٹی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے ۔

5 مئی کو ہاتھ کی صفائی کا عالی دن (World Hand Hygiene Day) منایا جاتا ہے۔ ہر سال عالمی ادارہ صحت کے تحت2009سے منایا جا رہا ہے۔ابتداء میں اس کا مقصد اسپتالوں میں انفیکشنزکے پھیلاؤ کو کم کرنا تھا لیکن بعد میں اس آگاہی مہم کو گھروں، تعلیمی اداروں، دفاتر اور دیگر عوامی مقامات تک وسعت دی گئی ۔

یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ صحت مند زندگی کے لئے مہنگی دواؤں یا پیچیدہ علاج سے پہلے ایک سادہ سا عمل یعنی ہاتھ دھونا، انتہائی مؤثر دفاعی ہتھیار ہے۔ اس سال (2026) اس عالمی دن  کا تھیم ’ایکشن جانیں بچاتا ہے- محفوظ دیکھ بھال صاف ہاتھوں سے شروع ہوتی ہے۔‘

ہاتھ دھونا ضروری کیوں؟
 ہم ہاتھوں سے مختلف کام کرتے ہیں کئی چیزوں کوچھوتے ہیں۔ ان اشیاء پر موجود جراثیم ہماری آنکھ ، ناک اور منہ کے ذریعے جسم میں داخل ہو سکتے ہیں اور بیماری کا سبب ہوسکتے ہیں ۔ صابن سے ہاتھ دھونے کی عادت ان بیماریوں کے خطرات کو نمایاں طور پر کم کر سکتی ہے۔ بے احتیاطی بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث بنتی ہے، اکثر لوگ صرف کھانے سے پہلے ہاتھ دھوتے ہیں لیکن صحیح طریقے اور وقت کی اہمیت کو نظر انداز کر دیتے ہیں، بچوں میں پیٹ کی بیماریاں اسی وجہ سے عام ہیں، اگر عوام میں صحیح آگاہی پیدا ہو جائے تو صحت کے مسائل میں واضح کمی آ سکتی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق ہاتھ دھونے کا صحیح طریقہ صابن لگاکرکم از کم 20 سے 30 سیکنڈ تک ہاتھ اچھی طرح رگڑیں، انگلیوں کے درمیان، ناخنوں اور کلائی تک صفائی کریں، صاف پانی سے دھو کر خشک کریں، خاص طور پرکھانے سے پہلے اور بعد، بیت الخلا کے استعمال بعد، باہر سے گھرمیں داخل ہونے کے بعد اور بچوں کو چھونے سے پہلے ہاتھ ضرور دھونے چاہئیں۔

ہاتھ دھونے کا عالمی دن ہمیں ایک سادہ مگر انتہائی اہم سبق دیتا ہے  کہ صفائی ہی صحت ہے، اگر ہم روزمرہ زندگی میں ہاتھ دھونے کی عادت کو اختیارکرلیں تو نہ صرف بہت سی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں بلکہ صحت مند معاشرہ بھی تشکیل دے سکتے ہیں۔