(بشکریہ بین الاقوامی میڈیا)
مدینہ منورہ کی تمام مساجد میں خواتین کے لیے نماز کی جگہیں ہر فرض نماز کے وقت کھولنے کی منظوری، خواتین کو مسجد میں نماز ادا کرنے کی مستقل سہولت فراہم ہوگی۔
سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ کی تمام مساجد میں خواتین کے لیے نماز کی مخصوص جگہیں (Prayer Halls)کھولنے کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت خواتین کو ہر فرض نماز کے وقت مسجد میں نماز ادا کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔
دی اسلامک انفارمیشن نیوز کے مطابق، سعودی عرب کے وزیرِ اسلامی امور شیخ عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے مدینہ منورہ کی تمام مساجد میں خواتین کے لیے مخصوص نماز گاہیں پانچوں فرض نمازوں کے اوقات میں روزانہ کھولنے کی منظوری دی ہے۔
وزارت اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کی مدینہ ریجن شاخ کے تحت اس منظوری کے بعد محلے کی مساجد میں خواتین کے لیے مختص نمازگاہیں صرف جمعہ، تراویح، عیدین یا مخصوص مواقع تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ ہر فرض نماز کے لیے دستیاب ہوں گی۔
اس اقدام کے نتیجے میں خریداری، ملازمت، سفر یا دیگر ضروری امور کے سلسلے میں مدینہ منورہ میں موجود خواتین کو نماز کے وقت گھر واپس جانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ قریبی مسجد میں بروقت نماز ادا کرسکیں گی۔
یہ فیصلہ تمام چھوٹی بڑی مساجدپربھی لاگو ہوگا۔ تاہم مسجد نبوی ﷺ میں خواتین کے لیے پہلے ہی نماز کے وسیع اور مستقل انتظامات موجود ہیں، اس لیے نئی منظوری کا ان انتظامات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
خواتین کے لیے خصوصی انتظامات
مدینہ میں وزارت اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کی شاخ کے ڈائریکٹر جنرل شیخ اسامہ بن زید المدخلی کی سربراہی میں مساجد میں خواتین کے لیے نماز کی سہولیات کو فعال رکھنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
خواتین کے لیے نمازگاہوں کی نگرانی اور معاونت کے لیے خواتین فیلڈ اسٹاف بھی پہلے سے تعینات ہے۔ تاریخی مساجد سمیت مختلف اہم مقامات پر خواتین کے لیے مختص حصوں کی نگرانی کے لیے 115 خواتین کو مسجد مانیٹرز اور سیکیورٹی گارڈز کے طور پر ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
ان تاریخی مساجد میں مسجد سید الشہداء، مسجد قبلتین، مسجد خندق، مسجد غمامہ، مسجد مستراحہ اور مسجد جمعہ سمیت دیگر اہم مساجد شامل ہیں۔
اس اقدام سے مدینہ منورہ میں آنے والی مقامی اور غیر مقامی خواتین کے لیے نماز کی ادائیگی مزید آسان ہونے کی توقع ہے، خصوصاً ان خواتین کے لیے جو دن کے اوقات میں خریداری، ملازمت، سفر یا دیگر ضروری سرگرمیوں کے لیے شہر میں موجود ہوتی ہیں۔





