سعودی عرب میں حج 2027 کی تیاریاں تیز، 78 ممالک کے ساتھ مشاورت مکمل

Published On: 11 October, 2026 04:52 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
سعودی عرب میں حج 2027 کی تیاریاں تیز، 78 ممالک کے ساتھ مشاورت مکمل

(بشکریہ بین الاقوامی میڈیا)

سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے حج 2027 کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی تیاریوں کے سلسلے میں 78 ممالک کے حج امور کے دفاتر کے ساتھ مشاورتی اجلاس مکمل کر لیے ہیں۔ ان اجلاس میں عازمینِ حج کی رہائش، ٹرانسپورٹ، کھانے پینے، معاہدوں سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے حج 1448 ہجری (2027) کے لیے ابتدائی تیاریوں کے سلسلے میں 78 ممالک کے حج امور کے دفاترکے ساتھ مشاورت کا عمل  مکمل کر لیا ہے ۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، مشاورت کا مقصد عازمینِ حج کی آمد سے قبل انتظامات کا جائزہ لینا اور حج آپریشنز کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔

رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات کا جائزہ
مشاورتی عمل  کے دوران حج کے مقررہ نظام الاوقات کے مطابق تیاریوں کے مختلف مراحل پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ جامع پیکیج سے متعلق طریقۂ کاراورمنظورشدہ خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ معاہدوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں عازمینِ حج کی رہائش، نقل و حمل، کھانے پینے کے انتظامات اور گروپوں کی صورت میں ان کی نقل و حرکت جیسے اہم امور زیرِ بحث آئے۔ اس کے ساتھ عازمین کے لیے آگاہی اور رہنمائی کے پروگراموں اور حج آپریشنز کو منظم کرنے والے ضوابط کا بھی جائزہ لیا گیا۔
تیاریوں کی مسلسل نگرانی اور بروقت مسائل کا حل
وزارت حج وعمرہ کے مطابق، تمام ممالک کے حج امور کے دفاتر کی تیاریوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ممکنہ مسائل کی بروقت نشاندہی کرکے انہیں ابتدائی مرحلے ہی میں حل کیا جا سکے۔

اس مقصد کے لیے تیاریوں کے ہر مرحلے کی ذمہ داریاں اور تکمیل کی آخری تاریخیں مقرر کی گئی ہیں۔ وزارت کا ہدف ہے کہ ابتدائی منصوبہ بندی سے عملی انتظامات تک کا سفر واضح منصوبوں اور قابلِ پیمائش اہداف کے تحت مکمل کیا جائے، تاکہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی برقرار رہے۔


 
 بیرونِ ملک عازمین کے لیے ڈیجیٹل نظام
بیرون ملک سے آنے والے عازمینِ حج کے معاہدوں اور انتظامات کی تکمیل کے لیے الیکٹرانک ٹریک (Electronic Track) استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس ڈیجیٹل نظام میں 500 سے زیادہ الیکٹرانک خدمات شامل ہیں، جبکہ یہ 80 سے زائد سرکاری اور آپریشنل اداروں کے ساتھ منسلک ہے۔ اس کے علاوہ 5 ہزار سے زیادہ خدمات فراہم کرنے والے ادارے بھی اس نظام سے وابستہ ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، الیکٹرانک ٹریک کے ذریعے مختلف کارروائیوں کو تیز کرنے، معاہدوں کا باقاعدہ ریکارڈ رکھنے اور حج امور کے دفاتر، خدمات فراہم کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

12 ذوالحجہ 1447 ہجری سے شروع ہوئیں تیاریاں
حج 1448 ہجری (2027) کی تیاریوں کا آغاز 12 ذوالحجہ 1447 ہجری کو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر وزارتِ حج وعمرہ نے مختلف ممالک کے حج امور کے دفاتر کو تیاریوں سے متعلق دستاویز اور نئے حج سیزن کا نظام الاوقات فراہم کیا تھا۔

اس کے بعد گزشتہ حج سیزن کے انتظامات کا جامع جائزہ لیا گیا، بہتری کے ممکنہ پہلوؤں کی نشاندہی کی گئی اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کی گئی۔

وزارت کی جانب سے جاری کردہ تیاریوں کی دستاویز میں انتظامات کے مختلف مراحل، متعلقہ اداروں کے کردار اور ذمہ داریوں کے ساتھ ہر مرحلے کی مقررہ تاریخیں بھی شامل ہیں۔ اس طریقۂ کار کے ذریعے تیاریوں میں ہونے والی پیش رفت کی نگرانی اور مقررہ وقت پر تمام ضروری تقاضوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے گا۔