سعودی عرب سمیت کئی ملکوں میں رمضان کا آغاز

Published On: 18 February, 2026 04:48 AM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
سعودی عرب سمیت کئی ملکوں میں  رمضان کا آغاز

سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے ۔ آج ( 18 فروری بروز بدھ ) پہلا روزہ ہے۔

عالم عرب میں رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا ہے ۔ منگل کے روز رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا۔ آج (بدھ) پہلا روزہ ہے۔

سعودی عرب کی عدالت عظمیٰ نے اعلامیہ جاری کیا  جس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں مجاز رویت ہلال کمیٹیوں کی جانب سے موصول ہونے والی شہادتوں کے بعد چاند نظر آنے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

عدالت عظمیٰ کے اس اعلان کے ساتھ ہی ملک بھر میں تراویح اور روزوں کی تیاری کا آغاز ہوگیا جب کہ حکومتی اداروں اور نجی شعبے میں بھی ماہ رمضان کے دوران  اوقات کار کے مطابق دفتری اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے ۔

متحدہ عرب امارات کی صدارتی عدالت نے بھی رویت ہلال کمیٹی کی تصدیق کے بعد بدھ کو پہلے روزے کا اعلان کیا ہے۔

اسلامی کیلینڈر میں رمضان 9 واں مہینہ ہے ۔ ہر سال کروڑوں مسلمان رمضان کے مہینے میں طلوعِ آفتاب سے غروبِ آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں۔
 
خلیجی ملک عمان سمیت ،ملائیشیا،انڈونیشیا اور ترکیے میں منگل کی شام چاند نظر نہ آنے کے باعث رمضان المبارک کا آغاز جمعرات سے ہوگا۔

وسط ایشیائی ملکوں آذربائیجان، قازقستان، کرغیزستان اور ازبکستان کی حکومتوں نے چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پہلا روزہ جمعرات کو رکھا جائے گا۔

برونائی اور فلپائن میں بھی رمضان کا چاند نظر نہیں آیا ان دونوں ممالک میں پہلا روزہ 19 فروری ہوگا۔ آسٹریلیا میں بھی رمضان کا آغاز19 فروری سے ہوگا۔ اسی طرح بھارت، پاکستان،بنگلادیش اور ایران میں چاند کی رویت سے متعلق اعلان آج متوقع ہے۔