(فوٹواے پی)
فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل ارجنٹینا اور اسپین کے بیچ(اتوار) کھیلا جائے گا۔شائقین اس تاریخی مقابلے کو حالیہ برسوں کا سب سے بڑا فائنل قرار دے رہے ہیں۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے آخری پڑاؤ پر پہنچ گیا ہے ۔ دنیا بھر کی نگاہیں ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان ہونے والے خطابی مقابلے پر ہیں ۔خطابی مقابلہ صرف جنوبی امریکہ اور یورپ کی چیمپیئن ٹیموں کے بیچ نہیں بلکہ عظیم فٹبالر لیونل میسی اور ابھرتے ہوئے اسپین کے اسٹار کھلاڑی لامین یامال کے درمیان بھی ہے۔
اسپین گزشتہ 37 بین الاقوامی میچوں سے ناقابلِ شکست ہے جبکہ ارجنٹینا مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ جیت کر برازیل کے بعد بیک ٹو بیک عالمی چیمپئن بننے والی پہلی مردوں کی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کرنا چاہتا ہے۔
میسی کے لیے جذباتی لمحہ
لیونل میسی پہلے ہی اشارہ دے چکے ہیں کہ قومی ٹیم کے ساتھ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہو سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو وہ عالمی اعزاز کے ساتھ اپنے شاندار کریئر کا اختتام کرنا چاہیں گے۔میسی کی اسپین سے ایک منفرد وابستگی بھی رہی ہے۔ اگرچہ وہ ارجنٹینا میں پیدا ہوئے، لیکن بچپن اور کلب کریئر کا بڑا حصہ اسپین میں گزرا۔ اسپین نے متعدد بار انہیں اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی کی پیشکش کی، تاہم میسی نے ہمیشہ ارجنٹینا کو ہی ترجیح دی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میسی نے آخری بار 2010 میں اسپین کے خلاف میچ کھیلا تھا، جس میں ارجنٹینا نے اُس وقت کے عالمی چیمپئن اسپین کو شکست دی تھی۔
یامال اور میسی کی دلچسپ کہانی
فائنل کا ایک اور دلچسپ پہلو اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال اور لیونل میسی کی ملاقات ہوگی۔ دونوں کی ایک پرانی تصویر، جس میں نومولود یامال کو میسی کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، پہلے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ اب تقریباً دو دہائیاں بعد دونوں ورلڈ کپ فائنل میں ایک دوسرے کے مدِمقابل ہوں گے۔
مسیی کی ریٹائرمنٹ سےواپسی اور کامیابی کا سفر
2016 میں کوپا امریکہ کے فائنل میں چلی سے شکست کے بعد لیونل میسی نے قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا، تاہم چند ہفتوں بعد وہ واپس آ گئے۔
اس کے بعد انہوں نے ارجنٹینا کو 2021 میں کوپا امریکہ، 2022 میں ورلڈ کپ اور 2024 میں دوبارہ کوپا امریکہ کا ٹائٹل جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور اپنے ناقدین کے تمام سوالات کا جواب میدان میں دیا۔
اسپین کی دفاع اور ارجنٹینا کے اٹیک کے بیچ مقابلہ
اسپین نے اس ورلڈ کپ میں سات میچوں کے دوران صرف ایک گول کھایا ہے اور پورے ٹورنامنٹ میں ایک لمحے کے لیے بھی خسارے میں نہیں رہا۔اگر اسپین فائنل میں بھی مضبوط دفاعی کھیل برقرار رکھنے میں کامیاب رہا تو وہ ورلڈ کپ کی تاریخ کی بہترین دفاعی کارکردگی کا نیا ریکارڈ قائم کر سکتا ہے۔
اسپین کے کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیمیں باصلاحیت کھلاڑیوں اور اجتماعی کھیل کے اعتبار سے ایک دوسرے سے کافی مشابہ ہیں، اس لیے شائقین کو ایک یادگار فائنل دیکھنے کو ملے گا۔
دوسری جانب ارجنٹینا کے کوچ لیونیل اسکالونی نے میسی کو دنیا کی تاریخ کا عظیم ترین فٹبالر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان جیسے کھلاڑی صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
اسپین کے کپتان روڈری(Spain captain Rodri) کا کہنا ہے کہ ارجنٹینا صرف میسی کا نام نہیں بلکہ ایک مکمل اور متوازن ٹیم ہے، اس لیے ان کے ہر کھلاڑی پر نظر رکھنا ضروری ہوگا۔104 میچوں پر مشتمل ورلڈ کپ 2026 کا فیصلہ اب صرف ایک مقابلے میں ہونا ہے، جہاں ایک ٹیم تاریخ رقم کرے گی جبکہ دوسری کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔




