اسپین بنا عالمی چیمپئن ، ارجنٹینا کو شکست،فیران ٹوریس نےکیافیصلہ کن گول

Published On: 20 July, 2026 09:46 AM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
اسپین بنا عالمی  چیمپئن ، ارجنٹینا کو شکست،فیران ٹوریس  نےکیافیصلہ کن گول

(فوٹواے پی)

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری بار عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اضافی وقت میں فیران ٹوریس کے فیصلہ کن گول نے لیونل میسی کے مسلسل دوسرے ورلڈ کپ جیتنے کا خواب توڑ دیا۔

 اسپین کا دفاع ، ارجنٹینا کے اٹیک پربھاری پڑا ۔ خطابی مقابلے میں اسپین کے مضبوط دفاعی حصار کو لیونل میسی بھی نہیں توڑسکے اور نتیجہ اسپین کے حق میں آیا ۔


مقررہ وقت میں میچ برابری پررہا ۔ اضافی وقت میں اسپین کے لیے فیصلہ کن گول  متبادل کھلاڑی فیران ٹوریس(Ferran Torres) نے کیا اور اس نے دفاعی چیمپئن
ارجنٹینا کو0-1 سے ہرا کر عالمی کپ اپنے نام کرلیا ۔ اس سے قبل اسپین کو یہ اعزاز2010 میں حاصل ہوا تھا ۔

یہ مقابلہ لیونل میسی( Lionel Messi ) کے کریئر کا آخری ورلڈ کپ فائنل مانا جا رہا تھا، تاہم وہ اپنی ٹیم کو مسلسل دوسری عالمی فتح نہ دلا سکے۔ میچ کے اختتام پر میسی جذباتی دکھائی دیے جبکہ اسپین کے کھلاڑی جشن میں ڈوب گئے۔

 ارجنٹینا 10 کھلاڑیوں تک محدود
مقررہ وقت کے اختتامی لمحات میں ارجنٹینا کے مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز(Enzo Fernandez ) کو خطرناک ٹیکل پر دوسرا پیلا کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، جس کے بعد ارجنٹینا اضافی وقت میں ایک کھلاڑی کم کے ساتھ کھیلنے پر مجبور ہو گیا۔

فائنل سیٹی کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی دیکھنے میں آئی، تاہم اس کے بعد اسپین کے کھلاڑیوں نے ارجنٹینا کی ٹیم کو گارڈ آف آنر پیش کر کے کھیل کے اعلیٰ جذبے کا مظاہرہ کیا۔

اسپین کا دفاع پوری دنیا پر بھاری
اسپین نے پورے ٹورنامنٹ میں غیرمعمولی دفاعی کھیل پیش کیا اور آٹھ میچوں میں صرف ایک گول کھایا، جو کسی بھی عالمی چیمپئن کی جانب سے ایک نیا ریکارڈ ہے۔

ارجنٹینا کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز(Emiliano Martinez) نے ریکارڈ 12 سیوز کر کے اپنی ٹیم کو کافی دیر تک مقابلے میں برقرار رکھا، تاہم وہ شکست نہ ٹال سکے۔

لوئس ڈی لا فوئنٹے کا تاریخی اعزاز

اسپین کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے(Spain coach Luis de la Fuente) 65 برس کی عمر میں ورلڈ کپ جیتنے والے معمر ترین کوچ بن گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیم کے ساتھ یہ سفر ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

اسپین نے نئی تاریخ رقم کر دی
مردوں کا ورلڈ کپ 2026 جیتنے کے بعد اسپین نے ایک اور منفرد اعزاز اپنے نام کیا۔ 2023 میں خواتین کا ورلڈ کپ بھی اسپین نے جیتا تھا، جس کے باعث وہ بیک وقت مردوں اور خواتین دونوں کے عالمی ٹائٹل رکھنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
اس کے علاوہ اسپین گزشتہ 38 بین الاقوامی میچوں سے ناقابلِ شکست ہے، جو کسی بھی یورپی مردوں کی ٹیم کی طویل ترین ناقابلِ شکست سیریز ہے۔