(فوٹورائٹرز)
ایک ہی دن میں دو سو ستّر سےزائد کوہ پیماؤں نے ایورسٹ پر کمند ڈال کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس سے قبل، نیپال کی جانب سے ایک ہی دن میں ایورسٹ سرکرنے والے کوہ پیماؤں کی تعداد223 تھی۔
ہرکوہ پیما ایک دن ایورسٹ کی چوٹی پر قدم رکھنے کا خواب دیکھتا ہے۔ایورسٹ کوہ پیماؤں کی اہم منزل ہے لیکن ایک ہی وقت میں ایک ساتھ ایک ہی دن بڑی تعداد میں کوہ پیما ایورسٹ کو سر کریں ایسا کم ہی ہوتا ہے لیکن حیران نہ ہوں ایسا ہواہے ۔
حکام کے مطابق، بدھ کے روز 274 افراد نے نیپالی راستے سے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کی جو ایک دن میں چوٹی سر کرنے والے کوہ پیماؤں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
دنیا کی بلند ترین چوٹی ایورسٹ (8849 میٹر بلند) نیپال اور چین کے تبت خطے کی سرحد پر واقع ہے اور اس پر دونوں اطراف سے چڑھائی کی جاسکتی ہے۔ رواں سال چینی حکام کی جانب سے اجازت نامے جاری نہ کیے جانے کے باعث تبتی راستے سے کوئی مہم روانہ نہیں ہوئی۔
نیپال کی ایکسپیڈیشن آپریٹرز ایسوسی ایشن کے سکریٹری جنرل رشی بھنڈاری کے مطابق اس سے قبل 22 مئی 2019 کو 223 کوہ پیما نیپالی راستے سے چوٹی تک پہنچے تھے۔گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق دونوں اطراف سے سب سے زیادہ 354 افراد نے 23 مئی 2019 کو ایورسٹ سر کیا تھا۔نیپال نے اس سال ایورسٹ پر چڑھائی کے لیے 494 پرمٹ جاری کیے ہیں، جن کی فی کس قیمت 15 ہزار ڈالر ہے۔
ماہرین اکثر زیادہ تعداد میں اجازت نامے جاری کرنے پر تنقید کرتے ہیں کیونکہ اس سے بھیڑ ہونے کے ساتھ ساتھ ڈیتھ زون میں طویل قطاریں لگ جاتی ہیں۔تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اب سخت قوانین اور اضافی حفاظتی اقدامات متعارف کرائے جارہے ہیں۔




