(فوٹواے پی)
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے اہم میچ میں ڈی آر کانگو نے پرتگال کو 1-1 سے ڈرا پر روک دیا۔ کیپ وردے کے بعد، ڈی آر کانگویورپی حریف کے خلاف ٹورنامنٹ میں مضبوط آغاز کرنے والی دوسری افریقی ٹیم بن گئی ہے۔
عالمی کپ میں اسپین کے بعد پرتگال کو افریقی ٹیم سے سخت ٹکر ملی ۔ بدھ کے روز عالمی کپ مہم کے پہلے میچ میں پرتگال کو کانگو کے خلاف 1-1 سے ڈرا پر اکتفا کرنا پڑا۔
52 برس بعد پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے والی کانگو کی ٹیم، پیر کو اسپین کے خلاف کیپ وردے کے 0-0 ڈرا کے بعد، یورپی حریف کے خلاف ٹورنامنٹ میں مضبوط آغاز کرنے والی دوسری افریقی ٹیم بن گئی۔
این آر جی اسٹیڈیم میں 68,777 تماشائیوں کے سامنے کھیلے گئے اس میچ میں، جہاں بیشتر شائقین پرتگال کے حامی تھے، کانگو اپنی تاریخ میں صرف دوسری مرتبہ ورلڈ کپ میں شرکت کر رہا تھا۔ اس سے قبل اس نے 1974 میں ورلڈ کپ کھیلا تھا، جب ملک کا نام زائر(Zaire) تھا۔
کھیل کے چھٹے منٹ میں پرتگال کوجواؤ نیویس(João Neves ) نے برتری دلائی۔ 5 فٹ 7 انچ لمبے اس مڈفیلڈر نے پیڈرو نیٹو (Pedro Neto)کے کراس پر ہیڈر کے ذریعے گیند کوگول پوسٹ کے اندر پہنچادیا۔
پہلے ہاف کے اختتامی اضافی وقت(Stoppage Time) میں یوآن ویسا(Yoane Wissa) نے آرتھر ماسواکو(Arthur Masuaku) کے کراس پر ہیڈر کے ذریعے کانگو کے لیے گول کرکے میچ برابر کر دیا، جس پر نیلے لباس میں موجود کانگو کے شائقین کے چھوٹے گروہ خوشی سے جھوم اٹھے۔ یہ کانگو کی تاریخ کا پہلا ورلڈ کپ گول تھا۔
1974 کے مغربی جرمنی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کانگو (اس وقت زائر) اپنے تینوں میچوں میں گول کرنے میں ناکام رہا تھا۔ اسے اسکاٹ لینڈ نے 0-2، یوگوسلاویہ نے 0-9 اور اس وقت کی عالمی چیمپئن برازیل نے 0-3 سے شکست دی تھی۔
رونالڈو، ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی کے ساتھ، چھ ورلڈ کپ کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔ رونالڈو کے پاس یہ موقع بھی تھا کہ وہ میسی سے آگے نکل جائیں، جنہوں نے منگل کو ہیٹ ٹرک اسکور کی تھی اور چھ مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں۔ تاہم رونالڈو نے 68ویں اور 73ویں منٹ میں اپنے دونوں شاٹس دائیں جانب باہر مار دیے۔
برونو فرنینڈس کے پاس بھی 90ویں منٹ میں پرتگال کو برتری دلانے کا موقع تھا لیکن ان کا شاٹ بھی دائیں جانب باہر چلا گیا۔اس کے کچھ ہی دیر بعد سیڈرک باکامبو کانگو کو برتری دلانے کے قریب پہنچے، مگر ان کا شاٹ قریب والے پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آ گیا۔
رونالڈو ورلڈ کپ میچ کا آغاز کرنے والے معمر ترین آؤٹ فیلڈ کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے یہ ریکارڈ توڑا جو چار سال قبل کینیڈا کے مڈفیلڈر اٹیبا ہچنسن نے قائم کیا تھا۔ تاہم ورلڈ کپ میں کھیلنے والے معمر ترین آؤٹ فیلڈ کھلاڑی کا ریکارڈ کیمرون کے عظیم فٹبالر راجر میلا کے پاس ہے، جو 1994 کے ورلڈ کپ میں 42 سال کی عمر میں بطور متبادل میدان میں اترے تھے۔




