ارجنٹیناکی شاندارواپسی،سنسنی خیزمقابلےمیں مصرکو2-3سےکیازیر،کوارٹرفائنل میں داخل

Published On: 08 July, 2026 12:50 AM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
ارجنٹیناکی شاندارواپسی،سنسنی خیزمقابلےمیں مصرکو2-3سےکیازیر،کوارٹرفائنل میں داخل

(فوٹواے پی)

ارجنٹینا نے عالمی کپ میں شاندار واپسی کی ۔ دفاعی چیمپین نے آخری لمحات میں بازی پلٹ دی اور مصر کو ورلڈ کپ سے باہر کرکے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

 مصرنے دفاعی چیمپین ارجنٹینا کا سخت امتحان لیا۔  اٹلانٹا میں کھیلے گئے پری کوارٹرفائنل مقابلے میں میسی کی قیادت میں ارجنٹینا کی ٹیم ایک چیمپیئن کی طرح کھیلی ۔  میچ میں ٹیم کی شاندارواپسی اور جیت میں میسی کا کردارکلیدی  رہا۔

کھیل کے بیشتر حصے میں مصر کا غلبہ رہا ۔ مصر کو 15ویں منٹ میں یاسر ابراہیم(Yasser Ibrahim) نے ہیڈر کے ذریعے برتری دلائی۔ مصر کا دوسرا گول 67 ویں منٹ میں مصطفیٰ زیکو(Mustafa Zico) نے حیثم حسن
( Haissem Hassan)کے اسسٹ پر اسکور کیا مگر اختتامی مراحل میں مصر کے پاس ، ارجنٹینا کے حملوں کا جواب نہ تھا ۔
محض  13منٹ میں ارجنٹینا نے یقینی نظرآرہی ہارکو جیت میں بدل کر بازی پلٹ دی ۔  ارجنٹینا نے مصر کو دو کے مقابلے تین گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی کی ۔

 کرسٹیان رومیرو(Romero ) نے 79ویں منٹ میں ہیڈر کے ذریعے گول کیا۔ کپتان میسی کے کراس کو رومیرو نے نیٹ میں ڈال کرٹیم کی واپسی کی شروعات کی ۔  83 ویں منٹ میں گونزالو مونتیئل(Gonzalo Montiel) کے اسسٹ پر میسی(Messi ) نے رواں عالمی کپ کے ایڈیشن میں اپنا آٹھواں گول اسکور کیا  جس سے اسکور 2-2 سے برابر ہوگیا۔ میسی نے ارجنٹینا کے لیے مسلسل نو ورلڈ کپ میچوں میں گول کرنے کا سلسلہ برقرار رکھا اور گولڈن بوٹ کی سخت مقابلے والی دوڑ میں سرفہرست آ گئے۔ اس گول کے ساتھ ہی  19ویں منٹ میں ضائع ہونے والی پنالٹی کی تلافی بھی ہوگئی۔ میسی پنالٹی کو گول میں بدلنے سے چوک گئے تھے۔
ارجنٹینا کے لیے کوارٹرفائنل میں جگہ پکی کرنے والا گول فرنانڈیز(Fernandez) نے کیا۔

میسی  2022 میں ارجنٹینا کی عالمی ٹائٹل جیتنے والی مہم سے لے کر اب تک ورلڈ کپ کے ریکارڈ مسلسل نو میچوں میں گول کر چکے ہیں۔ منگل کا گول ان نو میچوں کے دوران ان کا 13واں گول تھا۔

اپنے پہلے گولڈن بوٹ کی دوڑ میں میسی منگل کے میچ سے قبل فرانس کے کیلین ایمباپے اور ناروے کے ارلنگ ہالینڈ کے ساتھ سات، سات گول کر کے برابر تھے۔ تاہم ایمباپے دو اسسٹس کی بدولت ٹائی بریکر میں آگے تھے۔ انگلینڈ کے ہیری کین بھی چھ گول کے ساتھ اس دوڑ میں شامل ہیں۔مصر کے خلاف کیے ایک  گول کے ساتھ ہی میسی نے ورلڈ کپ کی آل ٹائم گول اسکوررز کی فہرست میں ایمباپے پر دو گول کی برتری بھی حاصل کرلی۔

میسی 2022 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو ٹائٹل دلانے کے دوران سات گول کر کے گولڈن بوٹ کی دوڑ میں ایمباپے کے بعد دوسرے نمبر پر رہے تھے جبکہ 2014 کے ورلڈ کپ میں وہ چار گول کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔