(فوٹورائٹرز)
وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد وزارت تعلیم، نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) اور نیٹ (NEET) امتحانات کے نظام میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔
نیٹ (NEET) پیپر لیک معاملے پر کاکروچ جنتا پارٹی (CJP)کی قیادت میں طلبہ کے ملک گیر احتجاج کے بعد آخر کارمرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
کاکروچ جنتا پارٹی نے 36 روزہ احتجاجی تحریک کو اس استعفے کو اپنی پہلی بڑی کامیابی قرار دیا۔ تاہم پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے(CJP founder Abhijeet Dipke ) نے کہا کہ جب تک حکومت ان کے دیگر دو مطالبات بھی پورے نہیں کرتی ان کی تحریک جاری رہے گی۔ ان مطالبات میں نیٹ پیپر لیک سے مایوس ہو کر خودکشی کرنے والے طلبہ کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے معاوضہ دینا اور مظاہرین کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہ کرنا شامل ہے۔
اپوزیشن جماعتوں نے بھی دھرمیندر پردھان کے استعفے کو طلبہ، نوجوانوں اور جمہوریت کی فتح قرار دیا ہے۔20 جولائی کو پارلیمنٹ مارچ کے بعد اس احتجاج نے شدت اختیار کر لی تھی، جس کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
دھرمیندر پردھان کا استعفی اور مکمنہ اصلاحات
این ٹی اے میں بڑے پیمانے پر تنظیمِ نو
حکومت نے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) میں وسیع اصلاحات کا عمل شروع کر دیا ہے۔ این ٹی اے ملک کے بڑے قومی داخلہ امتحانات، بشمول نیٹ، جے ای ای مین، کیوٹ (CUET) اور یو جی سی نیٹ منعقد کرتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق نریش پال گنگوار کو نیا سکریٹری برائے اعلیٰ تعلیم مقرر کیا گیا ہے، جبکہ این ٹی اے کے 47 کنٹریکٹ اور آؤٹ سورس ملازمین کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ پیپر لیک اسکینڈل میں ملوث کئی افراد کے خلاف قانونی اور فوجداری کارروائی بھی جاری ہے۔
مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ ہوگا نیٹ امتحان
امتحانات میں شفافیت لانے کے لیے حکومت روایتی او ایم آر (OMR) شیٹ پر مبنی امتحانی نظام ختم کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ آئندہ نیٹ۔یو جی امتحانات مکمل طور پر کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (CBT) فارمیٹ میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
پیپر لیک کے خلاف مزید سخت قوانین
حکومت پبلک ایگزامینیشنز (Prevention of Unfair Means) ایکٹ 2024 میں ترمیم پر کام کر رہی ہے۔ مجوزہ تبدیلیوں کے تحت پیپر لیک کے مقدمات کے لیے خصوصی فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کی جائیں گی اور موجودہ 10 سالہ قید کی سزا میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
رادھا کرشنن کمیٹی کی سفارشات پرعمل درآمد
سابق اسرو سربراہ کے رادھا کرشنن کی سربراہی میں قائم اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سفارشات پر مرحلہ وار عمل جاری ہے۔ ان سفارشات میں این ٹی اے کو قانونی خودمختار ادارے کا درجہ دینا، آؤٹ سورسنگ کم کرنا، ڈیٹا سکیورٹی مضبوط بنانا اور شکایات کے ازالے کا مؤثر نظام قائم کرنا شامل ہے۔
سی بی آئی تحقیقات
مرکزی تحقیقاتی ادارہ سی بی آئی بین ریاستی پیپر لیک نیٹ ورک کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔ رپورٹس کے مطابق جلد ہی اس معاملے میں چارج شیٹ پیش کیے جانے اور مزید اہم گرفتاریوں کا امکان ہے۔




