اسلام آباد کے سرکاری اسپتال میں ہولناک آتشزدگی، 14 نومولود جاں بحق،تحقیقات کا حکم

Published On: 26 August, 2026 11:22 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
اسلام آباد کے سرکاری اسپتال میں ہولناک آتشزدگی، 14 نومولود جاں بحق،تحقیقات کا حکم

(فوٹورائٹرز)

اسلام آباد کے پمز اسپتال کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی سے کم از کم 14 نومولود جاں بحق ہوگئے۔ اے سی میں دھماکے کے بعد آگ لگی، وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

پاکستان کی راجدھانی اسلام آباد کے سرکاری اسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) میں بدھ(26 اگست) کی صبح نرسری وارڈ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 14 نومولود جاں بحق ہوگئے۔

اسپتال کے ہیلتھ منسٹرمصطفیٰ کمال کے مطابق آگ مبینہ طور پر ایئر کنڈیشنر میں دھماکے کے بعد لگی اور وارڈ میں موجود وافر مقدار میں آکسیجن کے باعث تیزی سے پھیل گئی۔

اطلاعات کے مطابق آگ صبح تقریباً 7 بجے اسپتال کی عمارت کی تیسری منزل پر واقع ماں اور بچے کی صحت کے وارڈ میں لگی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے دفتر کے مطابق کم از کم 14 نومولود اس سانحے میں جاں بحق ہوئے۔

ہیلتھ منسٹر مصطفیٰ کمال نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایئر کنڈیشنر میں دھماکے کے بعد آگ بھڑکی ۔ ان کے مطابق وارڈ میں موجود آکسیجن کی مقدار نے آگ کو تیزی سے پھیلانے میں مدد دی۔
 
 
اپنے نومولود بچے سے محروم  ہونے والی ایک خاتون جویریہ نے بتایا کہ یہ گائناکولوجی وارڈ تھا اور مبینہ طور پر وہاں اس وقت ڈاکٹر یا نرس موجود نہیں تھی ۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کی لاشیں ڈبوں میں لے جائی گئیں اور والدین کو انہیں دیکھنے کا موقع نہیں دیا گیا ۔ تاہم ہیلتھ منسٹر نے اسپتال میں عملے اور ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے الزامات کی تردید کی۔

ایک اور متاثرہ شخص مدثر نے بتایا کہ جس عمارت میں وارڈ قائم تھا وہاں آگ سے بچاؤ کے مناسب انتظامات اور ہنگامی اخراج کے راستے موجود نہیں تھے۔ ان کے مطابق تمام دروازے بند تھے اور بچوں سے ملنے کے لیے صرف ایک دروازہ کھولا جاتا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا، جبکہ وزیراعظم کے دفتر کے مطابق وزیر صحت کے سکریٹری کو معطل کردیا گیا ہے۔

یہ واقعہ پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران اسپتال میں پیش آنے والے مہلک ترین آتشزدگی کے واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولیات اگرچہ عوام کے لیے نسبتاً کم لاگت پر دستیاب ہوتی ہیں، تاہم ان اداروں کو وسائل کی کمی، مریضوں کے دباؤ اور انتظامی مسائل کا سامنا رہتا ہے۔

پمز اسلام آباد کا ایک بڑا سرکاری اسپتال ہے جو شہر کے مرکزی علاقے میں واقع ہے اور تقریباً 11 لاکھ آبادی والے دارالحکومت کے شہریوں کو طبی خدمات فراہم کرتا ہے۔