خلیجی ممالک سے 21 ہزار سے زائد پاکستانی ڈی پورٹ ، سعودی عرب سر فہرست

Published On: 25 August, 2026 03:40 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
خلیجی ممالک سے 21 ہزار سے زائد پاکستانی ڈی پورٹ ، سعودی عرب سر فہرست

(فوٹو اے آئی)

خلیجی ممالک سے مارچ سے وسط جولائی تک 21 ہزارسے زائد پاکستانی شہری ڈی پورٹ کیے گئے ہیں۔ پاکستانی وزارت نارکوٹکس کنٹرول نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب اس تعلق سے جمع کیے ہیں۔

 پاکستان کی نارکوٹکس کنٹرول کی وزارت نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ یکم مارچ سے 13 جولائی 2026 کے دوران مختلف وجوہات کی بنا پر خلیجی ممالک سے 21 ہزار 951 پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔

قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق پاکستانی شہریوں کو مختلف وجوہات کی بنا پر خلیجی ممالک سے واپس بھیجا گیا ہے، جن میں ویزا مدت سے زائد قیام، غیر قانونی داخلہ، بھیک مانگنا، منشیات، جعلی دستاویزات، پناہ کی درخواست مسترد ہونا اور سکیورٹی سے متعلق معاملات شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت نے یہ جواب جمعرات کو قومی اسمبلی کے وقفۂ سوالات کے دوران رکن قومی اسمبلی حمید حسین کے سوالات پر دیا۔

 سعودی عرب سے سب سے زیادہ پاکستانی ڈی پورٹ
اعداد و شمار کے مطابق خلیجی ممالک میں سعودی عرب سے سب سے زیادہ پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کیا گیاہے۔ سعودی عرب سے تقریباً 15 ہزار 500 پاکستانی واپس بھیجے گئے۔

متحدہ عرب امارات سے 3 ہزار 803، عمان سے ایک ہزار 606، بحرین سے 521، قطر سے 429 جبکہ کویت سے 97 پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کیا گیاہے۔

اس کے علاوہ خلیجی ممالک سے 6 ہزار 662 پاکستانیوں کو ’دیگر کیٹیگری‘ کے تحت بھی ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے تحریری جواب میں اس کیٹیگری کے تحت مخصوص خلاف ورزیوں کی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔

 ہزاروں مفرور پاکستانی بھی بھیجے گئے واپس
دستاویز کے مطابق خلیجی ممالک سے ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 4 ہزار 628 مفرور افراد بھی شامل تھے، جبکہ ایک ہزار 294 پاکستانیوں کو جیل بھیجا گیا۔اسی طرح 968 افراد کو بلیک لسٹ کیا گیا، ایک ہزار 155 کیسز گمشدہ پاسپورٹس سے متعلق تھے جبکہ 689 پاکستانیوں کو ویزا قوانین کی خلاف ورزی پر ڈی پورٹ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 342 پاکستانیوں کو خلیجی ممالک میں داخلے سے انکار کے بعد واپس بھیجا گیا۔

 بھیک مانگنے پر 472 پاکستانی ڈی پورٹ
اعداد و شمار کے مطابق مختلف خلیجی ممالک سے 472 پاکستانی بھکاریوں کو بھی ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔متحدہ عرب امارات سے 9 پاکستانیوں کو انٹرپول کے ذریعے ڈی پورٹ کیا گیا۔ بعض پاکستانیوں کو آگے سفر کی اجازت نہ ملنے، جعلی شناخت ظاہر کرنے، میعاد ختم ہونے والے اقاموں اور پاسپورٹس، چوری اور دیگر امیگریشن قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث بھی واپس بھیجا گیاہے۔

 سعودی عرب میں مفرور افراد کی تعداد سب سے زیادہ
سعودی عرب نے سب سے زیادہ 3 ہزار 921 مفرور پاکستانیوں کو ملک بدر کیاہے جبکہ متحدہ عرب امارات سے 636 پاکستانیوں کو مفرور ہونے کی بنیاد پر واپس بھیجا گیا۔

سعودی عرب نے ایک ہزار 924 پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی داخلے، غیر قانونی قیام یا متعلقہ امیگریشن خلاف ورزیوں کے باعث ڈی پورٹ کیا۔ اسی نوعیت کے معاملات میں متحدہ عرب امارات سے 347 جبکہ عمان سے 295 پاکستانی شہریوں کو واپس بھیجا گیا۔

وزارت کی جانب سے پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق خلیجی ممالک میں پاکستانی شہریوں کی ڈی پورٹیشن کی بڑی وجوہات میں امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی، روپوشی، دستاویزات سے متعلق مسائل اور دیگر قانونی معاملات شامل ہیں۔