شام کے سابق مفتی اعظم احمد بدرالدین حسون کو عمرقیدکی سزا

Published On: 24 August, 2026 11:10 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
شام کے سابق مفتی اعظم احمد بدرالدین حسون کو عمرقیدکی سزا

(فوٹواے پی)

شام میں بشارالاسد حکومت کے سابق مفتی اعظم کو فوجداری عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ سابق مفتی اعظم احمد حسون کو تشدد پر بھڑکانے، قتل کو جواز فراہم کرنے اور اپنے عہدے کا غلط استعمال کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جج فخرالدین الاریان نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ تحقیقات میں احمد حسون کے انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

عدالت نے احمد حسون کے تمام اثاثے بھی ضبط کرکے انہیں سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ احمد حسون کو مارچ 2025 میں ملک سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران شامی حکام نے گرفتار کیا تھا۔ ان کی گرفتاری کے لیے پہلے ہی وارنٹ جاری کیاگیا تھا۔

 فوجداری عدالت کے اس فیصلے کے ساتھ ہی شام میں سزائیں پانے والی اعلیٰ ترین شخصیات 10 ہوگئی ہیں ۔ احمد بدرالدین حسون 2005 سے 2021 تک شام کے مفتی اعظم کا منصب سنبھال پر فائز تھے۔
 
 
شیخ احمد حسون کو شام میں بعث پارٹی اور بشار الاسد کے وفادار رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل شام کی عدالت نے مفرور صدر بشار الاسد، ان کے بھائی ماہر الاسد سمیت سابق دور کے اعلیٰ عہدیداروں کو سزائے موت سنائی تھی۔ 
 
 
مفرور صدر بشار الاسد پر دانستہ قتل اور منصوبہ بندی کے تحت قتل عام کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے جبکہ سابق دور میں سکیورٹی عہدیدار اور صدر کے کزن عاطف نجیب کو بھی سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر 2024 میں بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد صدر احمد الشرع کی قیادت میں عبوری انتظامیہ نے جنوری 2025 میں اقتدار سنبھالا تھا۔نئی شامی حکومت نے سابق حکومت کے دور میں ہونے والے جرائم کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے احتساب کے لیے عبوری انصاف اور احتساب کے نظام قائم کیے ہیں۔