یوکرین میں روسی حملوں کا قہر، 37 افراد ہلاک

Published On: 29 August, 2026 11:42 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
یوکرین میں روسی حملوں کا قہر،  37 افراد ہلاک

(فوٹواے پی)

روس کے ڈرون حملے کے نتیجے میں یوکرین کے مائلا گاؤں کے ایک گودام میں شدید آگ لگی۔اس کے بعد ہوئے دھماکوں کے نتیجے میں 35سے زائدافراد ہلاک ہوگیے۔

روس نے یوکرین پررواں سال کا مہلک ترین حملہ کیاہے ۔ کیف کے مغرب میں روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک گودام میں ہونے والے شدید دھماکوں اور آتش زدگی سے کم از کم 37 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ 

جمعہ کی شب روسی ڈرون نے کیف کے مغرب میں واقع مائلا(Myla) نامی گاؤں میں ایک گودام کو نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد گودام میں شدید دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اٹھی، جس کی زد میں  آس پاس کی عمارتیں آئیں ۔

مقامی علاقائی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچینکو (Tymur Tkachenko)کے مطابق حملے کے نتیجے میں کم از کم 50 رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ 370 سے زائد افراد کو متاثرہ علاقے سے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے ۔

مقامی میڈیا نے بعد میں حکام کے حوالے سے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 34 افراد ایک بزرگوں اور معذور افراد کے نگہداشت مرکز کے مکین تھے۔

گودام میں دھماکا خیز مواد رکھنے کی تحقیقات
یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے واقعے کو خوفناک صورتحال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ رہائشی آبادی کے قریب دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے میں سنگین غفلت برتی گئی۔

زیلنسکی کے مطابق یوکرینی قانون آبادی کے قریب گولہ بارود ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا، اسی لیے واقعے کی فوجداری تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن افراد نے اس مقام پر دھماکا خیز مواد رکھنے کی اجازت دی یا اس حوالے سے فیصلے کیے، انہیں جواب دہ بنایاجانا چاہیے۔

یوکرینی وزیراعظم سریہی کوریٹسکی نے بھی واقعے کو جولائی میں کیف کے مضافاتی علاقے وشنِیوے میں ہونے والے ایک حملے سے جوڑا، جہاں ایک مبینہ گولہ بارود ڈپو کو نشانہ بنائے جانے کے بعد 22 افراد ہلاک ہوئے تھے۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ واقعے سے سبق نہ سیکھنا مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے اور ذمہ دار افراد کو سخت سزا ملنی چاہیے۔
 
 
 
روس کا مختلف دعویٰ
روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس نے مائلا میں ایک ایسے گودام کو نشانہ بنایا جہاں طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز کے پرزے اور لانچ بوسٹرز ذخیرہ کیے گئے تھے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق اس کے علاوہ یوکرین کی بندرگاہوں مائکولائیف اور ازمیل، ایک لاجسٹکس مرکز اور کیف کے علاقے میں یوکرین کے فلیمنگو کروز میزائلوں کے پرزے رکھنے والی گودام کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

کیف پر روسی حملوں کا سلسلہ
کیف اور یوکرین کے دیگر علاقوں پر روسی ڈرون حملے جمعرات سے تقریباً مسلسل جاری ہیں۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روس وقفے وقفے سے بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کرکے یوکرین کے فضائی دفاعی نظام کو تھکانے کی کوشش کر رہا ہے۔

جنوبی علاقے خیرسون میں بھی ہفتے کے روز روسی حملوں میں رہائشی مکانات اور اپارٹمنٹ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ علاقائی انتظامیہ کے سربراہ اولیکساندر پروکودن کے مطابق حملوں میں دو افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

پروکودن نے خبردار کیا کہ خطے میں اہم تنصیبات پر روسی حملے تیز ہوگئے ہیں اور طویل عرصے تک بجلی اور حرارت کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے دسیوں ہزار شہریوں پر زور دیا کہ وہ نسبتاً محفوظ علاقوں میں منتقل ہوجائیں۔

روسی جیٹ سے چلنے والے ڈرونز کا استعمال 
یوکرینی صدارتی دفتر کے نائب سربراہ پاولو پالیسہ کے مطابق روس نے حالیہ عرصے میں جیٹ انجن سے چلنے والے ڈرونز کا استعمال نمایاں طور پر بڑھایا ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ روس ان ڈرونز کی تعداد میں مزید اضافہ کرے گا کیونکہ ماسکو انہیں مؤثرمانتا ہے۔ پالیسہ کے مطابق حملے کے ذرائع ہمیشہ دفاعی صلاحیتوں سے آگے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے یوکرین کو اپنے دفاعی نظام میں تبدیلیاں لانا ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کے پاس موجود انٹرسیپٹر ڈرونز نے ابھی تک جیٹ سے چلنے والے ڈرونز کے خلاف توقع کے مطابق کارکردگی نہیں دکھائی، تاہم اس مسئلے کے حل پر کام جاری ہے۔

 یوکرین کی پلٹ وارکی تیاری
دوسری جانب یوکرین نے روس کے اندر فوجی صنعت اور توانائی کے مراکز کو طویل فاصلے تک نشانہ بنانے والے حملوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔

صدر زیلنسکی نے جمعہ کی شب اپنے خطاب میں کہا کہ یوکرین کا ہدف روزانہ ایک ہزار طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز لانچ کرنے کی صلاحیت حاصل کرنا ہے۔زیلنسکی کے مطابق یوکرین اس وقت اوسطاً 300 سے زیادہ طویل فاصلے کے حملے کررہا ہے اور مستقبل میں اس تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

ادھر روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ اس کی افواج نے ہفتے کی شب یوکرین کے 313 ڈرونز تباہ کیے۔ روس کے روستوف خطے کے گورنر یوری سلیوسر کے مطابق یوکرینی ڈرون حملوں میں 11 افراد زخمی ہوئے، جن میں چار بچے شامل ہیں، جبکہ نو زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔