(فوٹو اے آئی)
بولیویا کے شہر ویاچا میں فوجی تنصیب میں دو دھماکوں سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، 7 افراد لاپتا ہیں، تحقیقات جاری ہیں۔
بولیویا کے شہر ویاچا(Viacha) میں ایک فوجی تنصیب میں دو زوردار دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔ حکام کے مطابق دھماکوں کے بعد 7 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
بولیویا کی وزارتِ دفاع کے مطابق دھماکے جمعے کے روز دارالحکومت لا پاز(La Paz) سے تقریباً 30 کلومیٹر دور شہر ویاچا(Viacha) میں واقع ایک فوجی تنصیب کے اس حصے میں ہوئے جہاں آتش گیز سامان ذخیرہ کیا جاتا تھا۔
ویاچا کی محکمہ صحت کی ڈائریکٹر ریٹا نیبراسکا(Viacha health director Rita Nebraska) نے مقامی ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکوں میں 10 سے 15 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ 62 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق زخمیوں میں سے 14 افراد کو علاج کے لیے لا پاز کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جن میں ایک لڑکی بھی شامل ہے ۔
پولیس ترجمان راجر روکا(Police Spokesman Roger Roca) نے بتایا کہ فوجی تنصیب میں آتش گیرمادہ موجود تھا تاہم دھماکوں کی اصل وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 7 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
حکام نے علاقے میں مزید دھماکے کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔ محکمہ صحت کی ڈائریکٹر کے مطابق فائر فائٹرز نے جائے وقوع پر حرارت کے ایک منبع کا پتا لگایا ہے، جس کے باعث شہریوں کو کم از کم 150 میٹر دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دھماکوں کے نتیجے میں آس پاس کے مکانات کو بھی نقصان پہنچاہے جبکہ شیشے ٹوٹنے کے باعث متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں۔
بولیویا کے نائب وزیر دفاع ارنیستو جسٹینیانو یورینڈا(Deputy Minister of Defence Ernesto Justiniano Urenda ) کے مطابق ویاچا کے مختلف طبی مراکز میں تقریباً 50 شہریوں اور 6 فوجی اہلکاروں کا علاج کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے ذریعے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ دھماکے کس وجہ سے ہوئے، آتش گیر سامان کس طریقے سے ذخیرہ کیا گیا تھا اور آیا اس واقعے کی ذمہ داری کسی فرد پر عائد ہوتی ہے یا نہیں۔





