غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے ، 12 فلسطینی جاں بحق

Published On: 16 July, 2026 01:21 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے ،  12 فلسطینی جاں بحق

(فوٹواے پی)

جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں۔ گزشتہ دو روز کے دوران مختلف علاقوں میں ہونے والے حملوں میں کم از کم 12 فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں، جن میں خواتین، بچے اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور مقامی طبی حکام کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران کم از کم 12 فلسطینی جاں بحق ہوئےہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز وسطی غزہ میں ایک رہائشی مکان پر حملے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہوئے۔ الاقصیٰ اسپتال کے حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

منگل کو شمالی غزہ کے گنجان آباد جبالیہ(Jabaliya) پناہ گزین کیمپ میں واقع ایک پولیس اسٹیشن پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک خاتون اور چھ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ اسی دن جنوبی شہر خان یونس(Khan Younis) میں قائم خیمہ بستی پر بمباری سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ رفح کے قریب المواصی (Al-Mawasi)علاقے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک بچے کی ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے وسطی اور جنوبی غزہ میں ہونے والے حملوں پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، تاہم جبالیہ پولیس اسٹیشن پر حملے کے حوالے سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے چار پولیس اہلکار حماس کے ارکان تھے۔ فوج نے اس دعوے کے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔


حماس کے زیر انتظام وزارت داخلہ (Hamas-run Interior Ministry) کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کرنل محمد مروان سالم(Col. Mohamad Marwan Salem) بھی شامل تھے، جو جبالیہ پولیس اسٹیشن کے سربراہ تھے۔

اسرائیل کا موقف ہے کہ اگر پولیس تنصیبات یا اہلکار عسکری سرگرمیوں یا جنگجوؤں کی معاونت میں ملوث ہوں تو انہیں فوجی ہدف تصور کیا جا سکتا ہے، تاہم اس نے یہ واضح نہیں کیا کہ جبالیہ پولیس اسٹیشن میں کون سی عسکری سرگرمیاں جاری تھیں۔

دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ غزہ کی پولیس امن و امان برقرار رکھنے اور شہری معاملات کی نگرانی کی ذمہ دار ہے۔

اس بیچ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق(United Nations human rights office) نے گزشتہ ماہ جاری بیان میں کہا تھا کہ رواں سال( 2026 ) اب تک غزہ میں پولیس اہلکاروں کو کم از کم ایک درجن مرتبہ نشانہ بنایا گیا، جن میں ایسے اہلکار بھی شامل تھے جو ٹریفک کی نگرانی اور بازاروں میں معمول کی گشت پر مامور تھے۔ ادارے نے ان حملوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر پولیس اہلکاروں اور مسلح جنگجوؤں کے درمیان فرق نہیں کیا جا رہا۔

اکتوبر2025 میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں وقفے وقفے سے حملے جاری ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک ایک ہزار 123 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ،7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد یہ تنازع شروع ہوا تھا ، جس میں تقریباً 1200 افراد ہلاک اور 251 کو یرغمال بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد اسرائیلی کارروائیوں میں غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک 73 ہزار 264 سے زائد فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔