(فوٹورائٹرز)
میانمار کے ساحل کے قریب روہنگیا پناہ گزینوں کی کشتیوں کے الٹنے سے 500 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔
میانمارکے ساحل کے قریب پناہ گزینوں سے بھری دو کشتیاں الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 500 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ، ایک کشتی میں 250 جبکہ دوسری میں 280 افراد سوار تھے۔ حادثہ خلیج بنگال میں پیش آیا۔
عالمی اداروں انٹرنیشنل آرگنائزیشن فارمائیگریشن(IOM) اور یو این ایچ سی آر (UNHCR)نے اس ہولناک واقعے کی تصدیق کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی دونوں کشتیاں جون کے اواخر میں میانمار کی مغربی ریاست راکھائن(Rakhine State) سے روانہ ہوئی تھیں، ان کشتیوں میں سوار مسافروں کی اکثریت مظلوم روہنگیا مسلمانوں پر مشتمل تھی، جبکہ ان میں کچھ ایسے افراد بھی شامل تھے جنہوں نے بنگلہ دیش میں قائم کاکس بازار کے پناہ گزین کیمپوں سے اس پرخطر سفر کا آغاز کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں کشتیوں کی تباہی الگ الگ مقامات پر ہوئی، ایک کشتی میں تقریباً 250 افراد سوار تھے جو روانگی کے فوری بعد ہی لاپتہ ہو گئی اور اس کا ساحل سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
دوسری کشتی میں 280 افراد سوار تھے جو آٹھ جولائی کو میانمار کے علاقے ایئیرواڈی کے ساحل کے قریب بپھری ہوئی لہروں کی نذر ہو کر ڈوب گئی۔
بین الاقوامی امدادی اداروں نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دنیا بھر کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ روہنگیا پناہ گزینوں کے سمندری راستوں سے ہونے والے اس پرخطر سفر اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کریں۔




