فرانس : 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کا بل منظور

Published On: 22 July, 2026 08:42 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
فرانس : 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کا بل منظور

(فوٹواے پی)

پہلے مرحلے میں یکم ستمبر سے 15 سال سے کم عمر بچوں کے نئے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنانے پر پابندی لگے گی جب کہ موجودہ اکاؤنٹس پر پابندی جنوری 2027 سے لاگو ہوگی۔

فرانس میں  کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر جلد ہی پابندی عائد کردی جائے گی ۔ پارلیمان نے ایک بل کو منظور کر لیا ہے جس کے تحت جنوری 2027 سے 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پابندی دو مرحلوں میں نافذ کی جائے گی ۔  پہلے مرحلے کے تحت یکم ستمبر 2026 سے 15 سال سے کم عمر افراد نئے سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں بنا سکیں گے، جبکہ تمام نئے صارفین کے لیے عمر کی تصدیق لازمی ہوگی۔

جنوری 2027 سے یہ شرط تمام موجودہ اکاؤنٹس پر بھی لاگو ہو جائے گی، یعنی فرانس میں ہر صارف کو ثابت کرنا ہوگا کہ اس کی عمر 15 سال یا اس سے زیادہ ہے۔

فرانس کے صدر میکرون نے اسے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیا نے بھی 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا اعلان کیا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ، بل پر بعض حلقوں کی جانب سے تحفظات بھی ظاہر کیے جارہے ہیں  جن میں یوزر کی رازداری، عمر کی تصدیق کے نظام کی مؤثریت، کم عمر افراد کی جانب سے ممکنہ طور پر پابندی کو بائی پاس کرنے کے امکانات اور قانون کے جلد نفاذ جیسے مسائل شامل ہیں۔

فرانس کی ڈیجیٹل وزیر این لی ہیناف کا کہنا ہے کہ قانون کے جلد نفاذ کی وجہ یہ ہے کہ عمر کی تصدیق کے لیے ضروری ٹیکنالوجی پہلے سے موجود ہے۔