تھائی لینڈ کے اسکول میں طالب علم کی اندھا دھند فائرنگ، 7 افراد ہلاک

Published On: 07 August, 2026 01:06 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
تھائی لینڈ کے اسکول میں طالب علم کی اندھا دھند فائرنگ، 7 افراد ہلاک

(فوٹورائٹرز)

بینکاک کے نواحی علاقے نونتھابوری میں واقع ایک اسکول میں طالب علم کی اندھا دھند فائرنگ سے حملہ آور سمیت کم از کم 7 افراد ہلاک جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اساتذہ اور طلبہ شامل ہیں۔

 تھائی لینڈ میں ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجےمیں 7افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ کے قومی پولیس ترجمان لیفٹیننٹ کرنل تریرونگ فوفان نے بتایا کہ نونتھابوری صوبے(Nonthaburi Province)میں واقع ڈیبسی رِن اسکول ( Debsirin Nonthaburi School) میں ایک طالب علم نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے۔ مہلوکین میں  حملہ آور بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں 15 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد اسکول میں خوف و ہراس پھیل گیا اور طلبہ جان بچانے کے لیے کلاس رومز سے باہر بھاگے جبکہ زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

18 سالہ ایک طالب علم نے بتایا کہ ابتدا میں اسے لگا جیسے پٹاخے چل رہے ہوں۔ اس نے کہاکہ پہلے مجھے یقین نہیں آیا کہ یہ گولیاں چل رہی ہیں، پھر مسلسل کئی فائر ہوئے، کچھ دیر خاموشی رہی اور اس کے بعد دوبارہ فائرنگ شروع ہوگئی۔"
 
تھائی لینڈ کے وزیر تعلیم پراسرت جانتاراروانگ تھونگ(Education Minister Prasert Jantararuangtong) نے تصدیق کی کہ ہلاک ہونے والوں میں طلبہ کے ساتھ اساتذہ بھی شامل ہیں۔

ریسکیو اہلکار کیاتیکھن ویراپونگ پراڈتھ (Kiatikhun Verapongpradith)نے بتایا کہ جب امدادی ٹیم موقع پر پہنچی تو فائرنگ جاری تھی۔انہوں نے بتایا کہ متعدد طلبہ کی کمر، سینے اور بازوؤں میں گولیاں لگی تھیں، جبکہ ایک مرد ٹیچر موقع پر دم توڑ چکا تھا۔ ایک خاتون ٹیچر شدید زخمی حالت میں ملی جنہیں تقریباً 30 منٹ تک سی پی آر دینے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان کی حالت انتہائی تشویشناک تھی۔

ضلع حکام کے مطابق 2025 کے تعلیمی سال میں اس اسکول میں تقریباً 3,100 طلبہ اور 147 اساتذہ زیر تعلیم و تدریس تھے۔

رواں سال اسکول پر دوسرا حملہ
یہ رواں برس تھائی لینڈ میں اسکول پر فائرنگ کا دوسرا واقعہ ہے۔فروری 2026 میں ملک کے جنوبی علاقے میں ایک اسکول پر حملے میں ایک خاتون استاد ہلاک جبکہ ایک طالب علم زخمی ہوا تھا۔

تھائی لینڈ میں فائرنگ کے بڑھتے واقعات
تھائی لینڈ میں اسلحے کی دستیابی اور فائرنگ کے واقعات ماضی میں بھی متعدد قیمتی جانیں لے چکے ہیں۔
2022 میں ایک سابق پولیس اہلکار نے شمال مشرقی تھائی لینڈ کے ایک ڈے کیئر سینٹر میں حملہ کرکے 36 افراد کو قتل کر دیا تھا، جن میں 22 معصوم بچے بھی شامل تھے۔

اس کے علاوہ جولائی 2025 میں بینکاک کے ایک بازار میں فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ 2023 میں ایک 14 سالہ لڑکے نے بینکاک کے ایک معروف شاپنگ سینٹر میں فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل اور پانچ کو زخمی کر دیا تھا۔