(فوٹورائٹرز)
انڈونیشیا میں طاقت ور زلزلے نے تباہی مچائی ہے ۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ایک میٹر سے کم بلند سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئیں، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث امدادی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
انڈونیشیا کے مشرقی حصے میں آج (ہفتے) صبح آنے والے 7.7 شدت کے شدید زلزلے اور متعدد آفٹر شاکس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زلزلے کے بعد ملک کے مختلف ساحلی علاقوں میں ایک میٹر سے کم بلند سونامی لہریں بھی ریکارڈ کی گئیں، تاہم تقریباً تین گھنٹے بعد سونامی کی وارننگ ختم کردی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق مشرقی انڈونیشیا کے جزیرے فلورس کے شہر ماؤمیرے(Maumere) کے اطراف سے 20 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے اور 2 افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔
زلزلے کا مرکز، امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ
شہر کی ریسکیو ایجنسی کے سربراہ فتح الرحمان کے مطابق زلزلے کے مرکز کے قریب واقع علاقے ناگیکیو(Nagekeo) تک امدادی ٹیمیں تاحال نہیں پہنچ سکیں، جہاں مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امدادی ٹیموں کو گاڑی کے ذریعے متاثرہ علاقے تک پہنچنے کی کوشش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ملے، جبکہ ایک اور ٹیم فیری کے ذریعے وہاں پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے انڈونیشی ادارے BNPBکے مطابق ناگیکیو میں تقریباً 2 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ علاقے میں متعدد مکانات، گوداموں اور سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ بعض مقامات پر بجلی کی فراہمی متاثر اور ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔
سوئے ہوئے افراد ملبے تلے دب گئے
مشرقی نوسا تنگارا صوبے(East Nusa Tenggara Province) کے گورنر ایمانوئل میلکیادیس لاکا لینا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کم از کم 5 افراد اس وقت ملبے تلے دب کر ہلاک ہوئے جب زلزلہ آیا اور عمارتیں منہدم ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو، جس کی رائٹرز نے تصدیق کی، میں ماؤمیرے کی بندرگاہ کے قریب ایک عمارت کا ایک حصہ دھول اور ملبے میں تبدیل ہوتا دکھائی دیا، جبکہ لوگ خوف زدہ ہوکر سڑکوں پر بھاگتے نظر آئے۔
طاقت ور زلزلہ
مشرقی نوسا تنگارا کے گاؤں تالیبورا کی 51 سالہ رہائشی نونا نے زلزلے کی شدت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جھٹکا انتہائی طاقتور تھا اور وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھر میں آرام کر رہی تھیں۔
ان کے مطابق گھر میں موجود 13 افراد نے جان بچانے کے لیے فوری طور پر باہر نکل کر محفوظ مقام کی طرف دوڑ لگائی۔
کئی علاقوں میں تقریباً ایک منٹ تک جھٹکے
بی این پی بی کے مطابق زلزلے کے شدید جھٹکے مشرقی نوسا تنگارا، مغربی نوسا تنگارا اور جنوبی سولاویسی کے بعض علاقوں تک محسوس کیے گئے۔ کئی مقامات پر شہریوں نے بتایا کہ زمین تقریباً ایک منٹ تک ہلتی رہی۔
زلزلے کے باعث شہری خوف زدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔ مشرقی نوسا تنگارا کے ضلع اینڈے کے ایک اسپتال میں مریضوں کو احتیاطی طور پر عمارت سے باہر منتقل کیا گیا، جبکہ کم از کم ایک مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کی بھی اطلاع ملی ہے۔
سونامی وارننگ ختم
زلزلے کے بعد انڈونیشیا کے متعدد علاقوں میں ایک میٹر سے کم بلند سونامی لہریں ریکارڈ کی گئیں۔ حکام نے احتیاطی طور پر سونامی وارننگ جاری کی تھی، تاہم زلزلے کے تقریباً تین گھنٹے بعد اسے ختم کردیا گیا۔
ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ دور دراز علاقوں میں مواصلاتی رابطے اور لینڈ سلائیڈنگ امدادی سرگرمیوں کے لیے بڑے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔





