آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، لاکھوں سوگواروں کی شرکت

Published On: 05 July, 2026 05:35 PM

Urdu Vision Desk : مصنف

WhatsApp
Facebook
Twitter
آیت اللہ خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، لاکھوں سوگواروں کی شرکت

(فوٹو اے پی)

ایران کے سابق سپریم لیڈر شہید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں ان کے تین بیٹے مسعود خامنہ ای، میثم خامنہ ای اور مصطفیٰ خامنہ ای نے شرکت کی، جبکہ ان کے بیٹے اور جانشین مجتبیٰ خامنہ ای سکیورٹی خدشات کے باعث تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کے 4 افراد کی نمازِ جنازہ تہران میں ادا کر دی گئی۔ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللّٰہ جعفر سبحانی نے شہید ایرانی سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ پڑھائی۔جسےتین الگ الگ مرحلوں میں مکمل کیا گیا۔

پہلے مرحلے میں سابق سپریم لیڈر خامنہ ای کی نمازِ جنازہ ہوئی، جبکہ دوسرے مرحلے میں ان کی بیٹی بشریٰ خامنہ ای، داماد مصباح الہدیٰ باقری اور بہو زہرا حداد عادل اورتیسرے اور آخری مرحلے میں علی خامنہ ای کی چھوٹی اور کم سن نواسی زہرا محمدی کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات تھے۔سابق سپریم لیڈر شہید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں ان کے تین بیٹے مسعود خامنہ ای، میثم خامنہ ای اور مصطفیٰ خامنہ ای نے شرکت کی جبکہ ان کے بیٹے اور جانشین مجتبیٰ خامنہ ای سکیورٹی خدشات کے باعث تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق نمازِ جنازہ میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر باقر قالیباف اور دیگر شریک ہوئے۔اس کے ساتھ ہی ساتھ 100 ملکوں کے وفود سمیت لاکھوں افراد نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

تہران کی سڑکوں پر سیاہ لباس پہنے، انتقام اور انصاف کے حصول کی علامت سرخ پرچم لہراتے سوگواروں نے شہید رہبر کو الوداع کیا۔

 کل  جلوس جنازہ تہران سے قم جائے گا، تدفین سے پہلے آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی میت کو عراق کے شہر نجف اور کربلا بھی لے جایا جائے گا، آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے  28 فروری کو مشترکہ حملے میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کے سبب 8 مارچ کو یعنی تقریباً 1 ہفتے ہی میں نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کر لیا گیا تھا تاہم شہید سپریم لیڈر کی فوری تدفین نہیں کی گئی تھی۔